اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 4 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پٹرول 4 روپے فی لیٹر سستا ہو کر 314 روپے فی لیٹر کی سطح پر آ گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 348 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق 26 نومبر کیلئے ہو گا۔ معاشی و عوامی حلقوں کے مطابق ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اس کمی سے نہ صرف عام صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا بلکہ ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے کرایوں میں بھی کمی کی توقع ہے، جس کے مثبت اثرات روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔








