بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

1971 میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں، پاکستان کو کمزور کرنا تھا، بنگلا دیشی اسپیکر

اسلام آباد: بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد(Hafiz al-Din Ahmad) نے 1971 میں بھارت کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بنگالیوں کی مدد کے بجائے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی تھی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر حافظ الدین احمد نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران بنگلادیش بھارت کی کالونی بن چکا تھا جس کی وجہ سے بنگلا عوام پریشان رہے۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں تو انہیں جیل جانا ہوگا، انہوں نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، اگر بھارت انہیں واپس نہیں کرتا تو بنگلادیش بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔

ان کے بقول حسینہ واجد واپسی کے اعلانات صرف اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے کرتی ہیں اور آئندہ 10 برس تک ان کی بنگلادیش واپسی کا امکان نہیں۔

حافظ الدین احمد نے عوامی لیگ کو دہشت گرد جماعت سے تشبیہ دیتے ہوئے سخت تنقید کی اور کہا کہ موجودہ حکومت اس پر پابندی لگانے پر غور کررہی ہے۔

مزیدپڑھیں:آسٹریلیا؛ مسلم سینیٹر فاطمہ کا بیٹی کو گود میں لے کر پارلیمنٹ سے خطاب؛ ویڈیو وائرل

انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے عوام جمہوری سوچ رکھتے ہیں اور آمریت برداشت نہیں کرتے، 1971 میں بھی جمہوریت کا مطالبہ کیا گیا تھا، مگر یہ مطالبہ پورا نہیں ہوا۔

بنگلادیشی اسپیکر کا کہنا تھا کہ بنگلادیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام یکساں ہے، تاہم 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام نافذ کیا گیا اور ملک کو خالص جمہوریت میسر نہ آسکی۔ انہوں نے رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات کو شفاف قرار دیا۔

اسپیکر بنگلا دیش نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے اور کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت پر انہوں نے پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔