سیول:سام سنگ اپنے صارفین کی ڈیٹا پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ’گلیکسی اے آئی‘ (Galaxy AI) کی درخواستوں کو پراسیس کرنے کا طریقہ کار تبدیل کرنے پر کام کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 17 پر مبنی آئندہ اپ ڈیٹ ’ون یو آئی 9.5‘ (One UI 9.5) کے بیٹا ورژن کے سافٹ ویئر کوڈ سے انکشاف ہوا ہے کہ کمپنی ’ایس پی اے سی‘ (SPAC) کے نام سے ایک نیا پرائیویٹ کلاؤڈ کمپیوٹنگ نظام تیار کر رہی ہے، جسے ممکنہ طور پر ’سام سنگ پرائیویٹ اے آئی کلاؤڈ‘ کا نام دیا جا سکتا ہے۔ اس نظام کا ڈھانچہ ایپل کے ’پرائیویٹ کلاؤڈ کمپیوٹ‘ (Private Cloud Compute) سے کافی مشابہت رکھتا ہے، جس کا بنیادی مقصد کلاؤڈ سرورز پر بھاری اے آئی فیچرز چلاتے ہوئے صارف کی ذاتی شناخت کو اس کی درخواست سے الگ رکھنا ہے۔
سافٹ ویئر کوڈ کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ ایس پی اے سی صارف کے فون اور سام سنگ کے کلاؤڈ سرورز کے درمیان ایک درمیانی حفاظتی تہہ کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے تحت اے آئی درخواستیں ایک تھرڈ پارٹی ریلے اور ’آرکین‘ (Arcane) نامی سرور گیٹ وے سے گزریں گی، جبکہ شناخت کی تصدیق، سیکیورٹی ٹوکنز اور فراڈ کی روک تھام کے لیے الگ الگ سروسز کام کریں گی۔ ڈیٹا بھیجنے سے قبل گلیکسی اسمارٹ فون سرور کی مستند حیثیت کی جانچ کرے گا اور عارضی گمنام پاسز کے ذریعے صارف کی شناخت ظاہر کیے بغیر درخواست کی تصدیق کی جائے گی۔
یہ ٹیکنالوجی سام سنگ کی چار اہم ایپس یعنی فوٹو ایڈیٹر، انٹیلی وائس سروس، اسمارٹ کیپچر اور فوٹو ری ماسٹر سروس کے کوڈ میں دیکھی گئی ہے، جبکہ اس میں گوگل کے جیمنائی (Gemma 4)، علی بابا کے Qwen 3.6 اور امیج جنریشن ماڈل FLUX.2 کے حوالے بھی شامل ہیں۔ تاہم سام سنگ کی جانب سے ابھی تک اس پرائیویٹ کلاؤڈ سسٹم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔








