بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خورشید محمود قصوری سے محمد علی درانی کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال اور چھوٹے صوبوں کے قیام پر تبادلہ خیال

سابق وزیر خارجہ اور سینیئر سیاستدان خورشید محمود قصوری سے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی چیلنجز اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محمد علی درانی نے خورشید محمود قصوری سے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے رہنمائی حاصل کی اور انہیں چھوٹے صوبوں اور بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے جاری اپنی رابطہ مہم سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر خورشید محمود قصوری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ان کی مؤثر شمولیت ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح ہمیشہ پاکستان رہی ہے اور آئندہ بھی پاکستان ہی رہے گا۔

محمد علی درانی نے خورشید محمود قصوری اور ان کے خاندان کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے محب وطن اور عوام دوست سیاسی قوتوں کو اپنا رہنمائی کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور معاشرے کے مختلف طبقات چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے بھرپور حامی ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان نسل چاہتی ہے کہ اقتدار میں عوام کی حقیقی شرکت یقینی بنائی جائے اور ملک کو موروثی ڈکٹیٹر شپ سے نجات ملے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قومی اور عوامی مفاد کے معاملات پر مشاورت اور باہمی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ملکی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔