کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں 29 نومبر کو کراچی میں شیڈول اپنی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا یا ممکنہ تصادم کے ذریعے اپنی تحریک کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتی۔
کراچی میں پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ فیصلہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرے، انتظامیہ کی جانب سے ریلی کی اجازت نہ ملنے اور نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والے گروہوں سے تصادم کے خدشے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا تھا، جبکہ اسی روز سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) اور دیگر قوم پرست جماعتوں کی جانب سے صوبوں کی تقسیم کے خلاف ریلی کے اعلان نے تصادم کے امکانات بڑھا دیے تھے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ریلی کی اجازت مل بھی جاتی اور تصادم کا خدشہ موجود ہوتا تو وہ پھر بھی ریلی منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے، کیونکہ اگر کسی کی جان یا املاک کو خطرہ ہو تو ان کی جماعت دس مرتبہ بھی تاریخ تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ کوئی مخالف گروہ کسی ناخوشگوار واقعے کو انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرے۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی زبردستی تقسیم کی صورت میں خونریزی کے خدشے سے متعلق حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ان بیانات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ ان کے بقول بلاول بھٹو نے اپنے بیانات میں خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر اور میرپور خاص کے نام لیے جہاں مہاجروں کی اکثریت ہے، جو ایک دھمکی کے مترادف ہے اور ریاست کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی نسل یا زبان کے خلاف نہیں بلکہ کراچی میں رہنے والے سندھی، مہاجر، پشتون، بلوچ، پنجابی اور سرائیکی سمیت تمام شہری پانی، سیوریج اور انفراسٹرکچر کے یکساں مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر چھوٹے صوبوں کا امکان پیدا ہوا تو ان کی جماعت کراچی کو وفاقی انتظامی کنٹرول میں دینے کی حمایت کرے گی، تاہم ریلی ملتوی کرنے کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور مہم جاری رہے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ریلی کی اجازت نہ دینے پر حکومتِ سندھ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی ان قوم پرست تنظیموں کی سرپرستی کر رہی ہے جو ریاست مخالف نعرے لگاتی ہیں اور انہیں نئے انتظامی یونٹس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ فاروق ستار نے تجویز دی کہ انتظامی یونٹس کے قیام پر عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت سندھ کے مختلف علاقوں بشمول نواب شاہ اور لاڑکانہ میں ریفرنڈم کرایا جائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ مطالبہ سندھ کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے بجائے تقریباً آٹھ کروڑ آبادی والے صوبے کا انتظامی بوجھ کم کرنے کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھی ممکنہ تصادم سے بچنے اور کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سے ریلی کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی بحث میں جولائی سے اس وقت تیزی آئی تھی جب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا تھا، جس کے بعد مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ملک گیر مکالمے اور آئینی اصلاحات کی مہم تیز کر دی ہے۔








