بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

2026 عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت میں تاریخ کی بدترین کمی ریکارڈ

2026 اب تک اسمارٹ فونز کی فروخت کے حوالے سے بہت سخت سال ثابت ہوا ہے کیونکہ پرزہ جات اور ڈیوائسز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

مگر اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2026 اسمارٹ فون مارکیٹ کی تاریخ کا بدترین سال بننے کے قریب ہے۔

ڈیوائسز کی فروخت پر نظر رکھنے والی کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2025 کے مقابلے میں 14 فیصد کمی آنے کا امکان ہے۔

اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو یہ حالیہ برسوں میں ایک برس کے دوران اسمارٹ فونز کی تاریخ میں آنے والی سب سے بدترین کمی ثابت ہوگی۔

اس سے قبل 2022 میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2021 کے مقابلے میں 11.3 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی تھی۔

2026 میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ پرزہ جات کی لاگت بڑھنا ہے جس کے نتیجے میں سستے اسمارٹ فونز کی دستیابی گھٹ گئی ہے۔

سستے اسمارٹ فونز کم فروخت ہونے کی وجہ سے مارکیٹ کو تاریخ کی بدترین تنزلی کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کم قیمت اسمارٹ فونز ہی بنیادی طور پر اسمارٹ فون مارکیٹ کے استحکام میں کردار ادا کرتے ہیں مگر گزشتہ 12 ماہ کے دوران ان کی فروخت متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متعدد خطوں میں اینڈرائیڈ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں نے سپلائی کو محدود کیا ہے۔

اس کے مقابلے میں ایپل کے آئی فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس محض ایک فیصد کمی آنے کا امکان ہے اور یہ کمپنی سال کا اختتام دنیا کی سب سے زیادہ فونز فروخت کرنے والی کمپنی کے طور پر کرسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کادورہ ویسٹ انڈیز کیلئے یکم دسمبر کو روانہ ہوگی

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2027 میں بھی اسمارٹ فونز کی فروخت میں ریکارڈ کمی برقرار رہنے کا امکان ہے، البتہ 2028 میں صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔