بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے کا بڑا قدم، 50 نئے طیارے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

2027 کی پہلی سہ ماہی میں ایئرلائن 50 طیاروں کی خریداری کا تاریخی آرڈر دینے کی تیاری کر رہی ہے جو پاکستان کی فضائی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر ہوگا، سی ای او پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے میں بڑے پیمانے پر توسیع کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 طیاروں تک کے آرڈر کا اعلان متوقع ہے۔

پی آئی اے کے چیگ ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈرین ہیملٹن مینز نے ہوا بازی اور ایرو اسپیس انڈسٹری کے معروف عالمی اشاعتی ادارے ایوی ایشن ویک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں ایئرلائن 50 طیاروں تک کی خریداری کا تاریخی آرڈر دینے کی تیاری کر رہی ہے، جس کا مقصد اپنے بیڑے کو جدید بنانا اور فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینا ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ کے مطابق سی ای او کا کہنا تھا کہ ایئرلائن کی انتظامیہ 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے حاصل کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ اس معاہدے کی تکمیل سے یہ پاکستان کی 75 سالہ فضائی تاریخ میں کسی ایک ایئرلائن کی جانب سے طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر ہوگا۔

سی ای او کے مطابق طیاروں کی خریداری کے دو بنیادی مقاصد ہیں۔ پہلا ایئرلائن کے بیڑے میں طیاروں کی مجموعی تعداد بڑھانا تاکہ فضائی نیٹ ورک کو وسعت دی جاسکے جبکہ دوسرا پرانے طیاروں، بالخصوص پی آئی اے کے پرانے بوئنگ 777 طیاروں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی اور کیبن سہولتوں سے آراستہ کم ایندھن خرچ کرنے والے طیارے شامل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار ایوی ایشن ایگزیکٹو ایڈرین ہیملٹن مینز 2 نومبر کو پی آئی اے کے سی ای او کا عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد پہلے سی ای او ہیں۔

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل گزشتہ سال شروع ہوا تھا اور 23 دسمبر 2025 کو عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے ایئرلائن کے 75 فیصد حصص کے لیے 135 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

بعد ازاں 29 جنوری 2026 کو حکومت اور کنسورشیم کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوئے، جبکہ 29 جون 2026 کو نجکاری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول نئے سرمایہ کاروں کو منتقل کردیا گیا۔

ایڈرین ہیملٹن مینز نے کہا کہ طیاروں کی خصوصیات سے متعلق کام فی الحال جاری ہے اور صرف ایسے ماڈلز کو بیڑے میں شامل کیا جائے گا جو ایئرلائن کے آپریشنل اسٹرچکر اور فضائی نیٹ ورک کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کے آرام اور جدید ترین کیبن سہولتوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کے مطابق طیارے براہِ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی مالیاتی انتظامات کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کو بیڑے میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ پی آئی اے اپنے انجینئرنگ شعبے کو مضبوط بنانے اور جدید طیاروں کے لیے تکنیکی انفراسٹرکچر تیار کرنے کی کوششیں بھی تیز کر رہی ہے۔ ان کے بقول اس سلسلے میں انجینئرز اور فضائی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

فضائی روٹس میں توسیع سے متعلق بات کرتے ہوئے ایڈرین ہیملٹن نے کہا کہ یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کے علاوہ پی آئی اے شمالی امریکا کے لیے پروازیں شروع کرنے میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

ان کے بقول ایئرلائن چین اور مشرقِ بعید کے کئی نئے مقامات کے لیے پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:چینی خلائی جہاز کی اسٹیشن سے کامیاب علیحدگی، پاکستانی خلا باز واپسی کے سفر پر روانہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک وسیع رقبے اور بڑی آبادی والا ملک ہے اور اعلیٰ معیار کی حامل ایئرلائن کے ساتھ عالمی سطح پر وسیع فضائی نیٹ ورک ملک کی بنیادی ضرورت ہے۔