اسلام آباد(نیوز ڈیسک )قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈائمنڈ جوبلی کوشایان شان انداز سے منانے کے لیے بھرپور انتظامات جاری ہیں،دستور ساز اسمبلی کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی پر 10سے14اگست، 2022تک خصوصی تقریبات کے انعقاد کا اہتما م کیاجائے گا،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی منائی جارہی ہے،
ڈائمنڈ جوبلی کا موضوع میرا پارلیمان- رہبرترقی و کمال ہے۔ڈائمنڈ جوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے 10سے 14 اگست 2022تک پارلیمنٹ ہاوس میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں 11 اگست کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہے،11 اگست 1947 کو پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،ڈائمنڈ جو بلی تقریبات کا آغاز 10 اگست کو تصویری، کتب اور آرٹ اور پینٹنگ نمائشوں کے افتتاح سے ہوگا،ان نمائشوں میں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور پارلیمان ،آئین کی بالادستی کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی کاوشوں کو اجاگر کیا جائے گا،
پارلیمنٹ ہاوس میں قائد اعظم محمد علی جناح سابق وزرائے اعظم ،صدور اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے پارلیمان سے خطابات کو ایس ایم ڈی سکرینز پر دکھایا جائے گا۔11 اگست کو ملکی تعمیر وترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کنونشن منعقد کیا جائے گا،اس اجلاس میں ملک بھر سے اقلیتی برادری کے قائدین ، نمائندو ں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین پارلیمنٹ کو مدعو کیا جا ئے گا، 11 اگست کو خواتین اراکین پارلیمنٹ کا خصوصی کنونشن بھی منعقد ہو گا،ملک کے مستقبل کو روشن و تابنا ک بنا نے میں نوجوانوں/بچو ں کے کردارکو اجاگر کرنے کے لیے 12 اگست کو یوتھ کنونشن منعقد کیا جائے گا،
کنونشن میں سرکاری و نجی سکولوں کے بچوں سمیت سٹریٹ چلڈرن اور سویٹ ہوم کے بچے شرکت کریں گے،13اگست کو ایک خصوصی پارلیمانی کنونشن منعقد کیا جائے گا جو 13اگست کی شام سے لے کر 14اگست کی نصف شب تک جاری رہے گا۔اس کنونشن میں سابق اسپیکرز ، ڈپٹی اسپیکرز اور سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے،کنونشن کے انعقاد کا مقصد جمہوریت کے استحکام اور جمہوری نظام کے تسلسل کی اہمیت اور افادیت کو اجا گر کرنا ہے،
پا کستان کی پارلیمانی تاریخ کے سرکردہ اراکین پارلیمنٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جا ئے گی، تقریب میں پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اراکین پارلیمنٹ کو ڈائمنڈ جوبلی یادگاری میڈل دیے جائیں گے،چار روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے مو قع پر پارلیمنٹ ہاوس کی عمارت اور راہداریوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔اس موقع پر ایک شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی منعقد کیا جائے گا۔









