بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد میڈیا اور آزادیِ اظہار کے معاملے کو عوامی رابطہ مہم کا حصہ بناؤں گا، عمران خان

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صحافیوں نے دھمکیوں، پُرتشدد حملوں اور گرفتاریوں کا سامنا کیا، آزاد میڈیا اور آزادیِ اظہار کے معاملے کو میں آئندہ ہفتے سے اپنی ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا حصہ بناؤں گا۔
عمران خان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ دو صحافیوں ارشد شریف اور صابر شاکر کو اپنی جانیں بچانے کی فکر میں پاکستان چھوڑنا پڑا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی قوم کو امپورٹڈ حکومت اور ریاستی مشینری کی جانب سے ان میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ایک نہایت غیر معمولی مہم کے بارے میں متنبہ کرنا چاہتا ہوں جو پی ٹی آئی اور میرا بیانیہ عوام تک پہنچاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عمران ریاض، سمیع ابراہیم اور ایاز امیر جیسے دیگر صحافیوں نے دھمکیوں، پُرتشدد حملوں اور گرفتاریوں کا سامنا کیا، میڈیا اور آزادیِ اظہار کے معاملے کو میں آئندہ ہفتے سے اپنی ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا حصہ بناؤں گا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے محض مجھے اور پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کے لیے اختیار کیے گئے ہتھکنڈے کامیاب ہونے کی اجازت دی تو آمریت کے وہی تاریک دن لوٹ آئیں گے جن کے دوران آزاد میڈیا اور حُرّیتِ اظہار کی قطعاً گنجائش نہیں ہوا کرتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کی روح کے مطابق ایک آزاد میڈیا اور اظہار کی آزادی کے بغیر تو حقیقی آزادی ممکن ہی نہیں۔