لاہور(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے دعوؤں اور اعلانات کے باوجود کبھی خواتین کو ان کے حقوق نہیں دیے۔ اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے۔ عورت جتنی مظلوم آج ہے پہلے نہ تھی۔ ظالم سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے وفاداروں نے عورت کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی، خواتین کو وراثت میں حصہ نہیں ملتا۔ ونی، کاروکاری اور قرآن سے شادی کی مکروہ رسمیں آج بھی جاری ہیں۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے عورت کو باندی بننے پر مجبور کر دیا ہے۔ خواتین اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور دلیل کی قوت سے مغربی کلچر کی یلغار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، اشیائے خوردونوش کے نرخ سن کر لوگوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ ملک میں جاری مہنگائی اور بدامنی کی لہر سے کروڑوں خواتین متاثر ہیں۔ غربت کی وجہ سے لوگوں کے پاس بچیوں کو سکولوں میں بھیجنے کے وسائل نہیں۔ خواتین کو صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عورت اپنا حق مانگ رہی ہے، اسے باعزت روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات دی جائیں۔ الیکشن کمیشن عورتوں کی تعداد کے لحاظ سے ان کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنائے۔ عورتوں کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں بنائی جائیں، ریاست بچیوں کی مفت تعلیم کا بندوبست کرے۔ عورتوں کی ہراسگی کے واقعات کے خاتمہ کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں، ریپ کے مجرموں کو سرعام لٹکایا جائے۔ فرسودہ اور شیطانی رسومات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ملک مغربی کلچر کی یلغار کی زد میں ہے، فحاشی و عریانی کے کلچر کی روک تھام کے لیے میڈیا کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں چار ہزار کے قریب خواتین لاپتا ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سالہاسال سے امریکا کی قید میں ہے، بزدل حکمرانوں میں اسے واپس لانے کی جرأت نہیں۔ کشمیر میں مسلمان بیٹیوں،بہنوں پر ظلم ہو رہا ہے،حکمران خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ نام نہاد جدید معاشرہ میں عورت کو حقوق کے نام پر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا۔ جدیدیت اور مادیت پرستی کے دور میں خواتین کو بازار کی زینت اور بکاؤ مال کے طور پر پیش جاتا ہے اور انھیں بے پردگی اور گھر سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ مغربی نظام نے عورت کو رسوا کیا، یورپ میں خواتین کے خلاف گھناؤنے جرائم کا ارتکاب ہو رہا ہے۔ چند ماہ قبل امریکا کی نائب صدر نے خود اعتراف کیا کہ وہ عورت ہونے کے ناطے امریکی معاشرہ میں اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام عورت سمیت انسانیت کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ملک کو سازش کے تحت اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے مطالبے کے تحت جدوجہد کر رہی ہے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا، تو عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، ان پر ظلم اور جبر کا خاتمہ کیاجائے گا۔ بیوہ خواتین،یتیم اور غریب بچیوں کی کفالت کی ذمہ اری سٹیٹ لے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کردار ادا کریں اور خواتین میں دین کا پیغام عام کریں۔ ملک میں اسلام نافذ ہو گیا تو عورت کو تمام حقوق ملیں گے، دین رحمت خواتین کے حقوق کا مکمل ضامن ہے۔
اقتدار ملا تو عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے،سراج الحق








