اسلام آباد(ممتازرپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکس قوانین سیکنڈ ترمیمی آرڈیننس 2022ء کی منظوری دے دی، جس کے تحت تمباکو اور سگریٹس پر 36 ارب کے ٹیکس عائد کر دیئے گئے ۔
صدارتی آرڈیننس کے مطابق تمباکو اور سگریٹس پر 36 ارب کے ٹیکس عائد کئے گئے ہیں، تمباکو پر ٹیکس ریٹ 10 روپے سے بڑھا کر 390 روپے کلو مقرر اور مہنگے برانڈڈ سگریٹس پر ڈیوٹی میں 200 سے 600 روپے تک اضافہ کردیا گیا، ٹیئر ون کے 1000 سگریٹس پر ٹیکس 5900 سے بڑھ کر 6500 روپے ہوگیا۔
آرڈیننس کے مطابق چھوٹے تاجروں سے بجلی کے بلوں پر 42 ارب کے بجائے 27 ارب روپے وصول ہوں گے، 20 ہزار روپے ماہانہ بجلی بل پر 5 فیصد سیلز ٹیکس وصول ہوگا، 20 ہزار روپے سے زیادہ کے بجلی بل پرسات اعشاریہ پانچ فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے تحت بیرون ملک خدمات دینے والے پاکستانی شہریوں کو الاؤنسز پر ٹیکس استثنیٰ دیدیا گیا جبکہ ڈپلومیٹس پر بجٹ میں غلطی سے لگایا گیا انکم ٹیکس ختم اور کویت فارن ٹریڈ کنٹریکٹ کمپنی پر ٹیکس کی چھوٹ بحال کردی گئی ہے۔
صدارتی آرڈیننس کے مطابق زرعی ڈیزل انجن، مشینری، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز کیریج پر ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے جبکہ غیرملکی سفارتکاروں یا فارن مشنز کی موٹر وہیکلز کیلئے بھی ٹیکس استثنیٰ دیدیا گیا ہے۔
سگریٹس پر ٹیکس میں اضافہ، تاجروں کے بجلی بلوں پر سیلز ٹیکس لاگو،آرڈیننس جاری








