اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ملاقات کرنیوالوں میں زین حسین قریشی، ابراہیم خان، طاہر اقبال، اورنگزیب خان اور ریاض فتیانہ،نصراللہ دریشک، نجیب ہارون، محمد خان لغاری، عاصمہ قدیرشامل تھے ،
ارکان پارلیمان نے وزیر اعظم کو اسلاموفوبیا کے تدارک سے متعلق قرارداد منظور ہونے پر مبارکبادپیش کی ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔روسی صدر اور کنیڈین وزیر اعظم نے بھی اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے آواز اٹھائی۔
پوری مسلم اُمہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی نمائندگی کی ہے۔عوامی حمایت کی بدولت موجودہ سیاسی محاذ پر بھی کامیابی ہماری ہوگی۔وزیراعظم نے اس موقع پراراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔








