بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیا عمران خان کو ریلیف دلانے کے لیے پی ٹی آئی 28ویں آئینی ترمیم پر وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہے؟

ملک میں بہتر انتظامی امور کے لیے نئے صوبے بنانے کی پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) مخالفت کررہی ہے، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ رہنما اسے پارٹی کے لیے سیاسی بند گلی سے نکلنے کا بہترین موقع سمجھتے ہیں۔

وفاقی حکومت اور طاقتور حلقے مزید صوبے بنانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں اور اس حوالے سے 28ویں آئینی ترمیم لانے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں، جبکہ کچھ حلقے ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے کی بنیاد پر نئے صوبے بنانے کے حق میں ہیں۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ نئے صوبے بنانے کے حوالے سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے، تاہم پی پی پی کی مخالفت کے باعث معاملہ ابھی تک التوا کا شکار ہے۔ 28ویں آئینی ترمیم منظور کرانے کے لیے پیپلز پارٹی یا کسی دوسری سیاسی جماعت کی حمایت لازمی ہے، جس کے بغیر اسے قومی اسمبلی سے منظور کرانا ممکن نہیں ہے۔

’پی ٹی آئی کے پاس زیادہ آپشنز نہیں ہیں، یہ اچھا موقع ہے‘
تجزیہ کار اور پی ٹی آئی کے کچھ رہنما 28ویں آئینی ترمیم کو پی ٹی آئی کے لیے ایک بہترین سیاسی موقع قرار دے رہے ہیں، جس کے ذریعے پارٹی سیاسی بند گلی سے نکل سکتی ہے اور عمران خان کو بھی ریلیف دلا سکتی ہے۔

پشاور کے سینیئر صحافی ممتاز بنگش کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 28ویں آئینی ترمیم یا نئے صوبوں کے معاملے پر وفاقی حکومت کے ساتھ متفق نہیں ہے۔

ان کے مطابق پیپلز پارٹی کو اعتراض ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے حصے میں کمی ہو جائے گی۔ ممتاز بنگش کے نزدیک 28ویں آئینی ترمیم پی ٹی آئی کے لیے ایک موقع ہے۔

’اگر عمران خان کی رہائی، قانونی ریلیف یا پارٹی کو درپیش مسائل کے حل کے بدلے پی ٹی آئی ترمیم کی حمایت کرتی ہے تو یہ سودا سیاسی طور پر مہنگا ثابت نہیں ہوگا۔‘

نوجوان صحافی وقاص بونیری کی سیاست پر گہری نظر ہے۔ ان کے مطابق مشعال یوسفزئی نے واضح طور پر بتایا ہے کہ اگر عمران خان تک رسائی ملتی ہے تو پی ٹی آئی 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے مؤقف پر غور کر سکتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی تیار ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پی ٹی آئی سے اس حوالے سے رابطہ کیا جائے گا؟ کیا طاقتور حلقے پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کریں گے؟

مزیدپڑھیں:نئی آٹو پالیسی کے بعد پاکستان میں کون سی گاڑی کتنی سستی ہونے والی ہے؟

تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینیئر سیاست دان فواد چوہدری نے بھی نجی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما چاہیں تو اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور عمران خان کو بھی ریلیف ملنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

کیا پی ٹی آئی صوبوں کے معاملے پر حمایت کے لیے تیار ہے؟
پی ٹی آئی کے مطابق ابھی تک اس معاملے پر باضابطہ طور پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے، تاہم کچھ اہم رہنما اس پر غور ضرور کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے نجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ اس حوالے سے وفاق کی جانب سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم میں اور کیا کچھ شامل ہوگا، یہ بھی اہم سوال ہے اور اس حوالے سے مذاکرات کی میز پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پی ٹی آئی کا مؤقف واضح ہے اور عمران خان نئے صوبے بنانے کے حق میں ہیں۔

’اگر نئے صوبے بنانے کی حمایت کرکے ریلیف حاصل کیا جائے تو اس میں کیا حرج ہے؟‘

انہوں نے بتایا کہ ان کی رائے میں پی ٹی آئی کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

’ہمارا سب سے اہم مقصد عمران خان کو ریلیف پہنچانا ہے اور اگر اس طرح ریلیف ملتا ہے تو کیوں نہیں؟‘

شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پی ٹی آئی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، لیکن اہم سوال یہ ہے کہ کیا وفاق پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو ہی بات آگے بڑھ سکتی ہے۔

صوبائی حکومت کی معطلی کے بعد مذاکرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں مذاکرات کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں، تاہم بیرسٹر گوہر نے رابطوں کی تصدیق کی ہے۔

’کس سے مذاکرات ہورہے ہیں، کس سے رابطے ہیں، مجھے اس کا بالکل بھی معلوم نہیں۔‘

‘کئی بار مذاکرات کے مواقع ضائع کیے’
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ 24 نومبر کے اسلام آباد مارچ کے دوران مذاکرات کی دعوت ملی تھی اور اس وقت عمران خان کو ریلیف دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔ امکان تھا کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقل کیا جاتا، لیکن اس وقت وہ موقع ضائع کر دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ لانگ مارچ ملتوی کرکے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، لیکن اسے بھی قبول نہیں کیا گیا۔

شوکت یوسف زئی نے زور دیا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں اور ان کے ذریعے ہی سب کچھ ممکن ہے، لیکن کئی مواقع ضائع کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گیند وفاق کی کورٹ میں ہے اور اگر وفاقی حکومت چاہے تو ہی مذاکرات ممکن ہیں۔ انہوں نے سیاسی تناؤ کم کرنے کے لیے سیاسی مذاکرات پر بھی زور دیا۔