اسلام آباد(ممتازنیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 6 رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
پی ٹی آئی کے 6 رہنماؤں اور شیخ رشید نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی عدالت میں دفعہ 144 کی خلاف وزری پر دائر مقدمے میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
پی ٹی آئی کے سیف اللہ نیازی، علی نواز اعوان، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، صداقت عباسی اور شہزاد وسیم کی طرف سے ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران وکلا سردار مصروف، قیصر جدون، مرتضیٰ طوری، خالد یوسف، مرزا عاصم اور مبشر نجیب عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے اور مقدمہ میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔
انہوں نے دلائل دیے کہ ریلی پرامن تھی اور پورے پاکستان نے دیکھا مگر صرف دباؤ بڑھانے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا، لہٰذا استدعا ہے کہ ملزمان کی ضمانت کے لیے دائر درخواستیں منظور کی جائیں۔
پی ٹی آئی کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 20،20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض تمام ملزمان کی 7 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر بھی 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 9 ستمبر تک کے لیے عبوری ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ریلی نکالنے پر 22 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔









