بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 نواز شریف کا وطن واپسی کا حتمی فیصلہ ،ن لیگ نے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں

  اسلام آباد (صغیر چوہدری )مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا حتمی فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے انہوں نے قانونی ٹیم سے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست دائر کرنے کیلئے قانونی ٹیم کو گرین سگنل مل گیا،ن لیگ نے استقبال کی تیاریاں بھی شروع کر دیں۔
پارٹی ذرائع نے بتایاکہ نواز شریف نے وطن واپسی سے قبل نا اہلی ،سزائیں اور کیسز کے حوالے سے قانونی ٹیم کو عدالت سے رجوع کرنے کیلئے کہہ دیا ہے اور وکلاءنے نواز رشریف کی ہدایات کے مطابق کیسز کے حوالے سے پٹیشنز تیار کرنا شروع کردی ہیں جو جلد عدالتوں میں دائر کی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں وکلاءنواز شریف کی ضمانت کے حوالے سے عدالت سے رجوع کریں گے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ نواز شریف کی خواہش ہے کہ وطن واپسی پر جیل نہ جانا پڑے۔پروگرام کے مطابق نواز شریف وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ ن کی تنظیم نو اور پارٹی کو سیاسی میدان میں متحرک کریں گے۔
قائد ن لیگ اہم رہنماؤں اور عہدیداران کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطے میں ہیں اور اپنے فیصلوں سے انہیں آگاہ کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی پنجاب میں مایوس کن کارکردگی پر نواز شریف جماعت کے سرکردہ رہنماوں سے ناراض ہیں،چنانچہ اہم رہنماؤں کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے ۔نواز شریف وطن واپسی کے بعد عام پارٹی کارکنوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع بھی کریں گے،وہ لاہور اور اسلام آباد کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے، وہ پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں چاروں صوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔ پارٹی کی تنظیم نو کے لئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی پارٹی قائد کے ہمراہ دورے کریں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کو پہلے سے ہی ہدایات جاری ہو چکی ہیں جبکہ پی ڈی ایم اور دیگر جماعتوں کے سربراہوں کو بھی نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔