پشاور(نیوز ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں ہونے والے جلسے ملتوی کرتے ہوئے کارکنوں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت جاری کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری کیا تھا۔ عمران خان کو کل پشاور اور چھ ستمبر کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔
اسی طرح عمران خان کو 29 اگست کو جہلم، یکم ستمبر کو سرگودھا، دو ستمبر کو گجرات، 3 ستمبر کو بہاولپور، 4 ستمبر کو فیصل آباد اور 6 ستمبر بروز منگل کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا لیکن سیلابی صورتحال کے باعث عمران خان نے جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں تمام تنظیموں کو آگاہ کردیا گیا ہے، پشاور سٹی کے صدر عرفان سلیم نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے عمران خان نے جلسے منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عمران خان نے کارکنوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا عمران خان نے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ کل سیلاب متاثرین کے لیے ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ جمع کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس حوالےسے ہفتہ کواپنے ٹوئٹر پیغام میں کہاکہ ہماری سینئرقیادت نے ملاقات کی اور ہم نے فیصلہ کیا۔ڈبلیو ایل ڈی ڈو انٹرنیشنل ٹیلی تھون پیر کی رات سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے عمران ٹائیگرز کو امدادی کاموں کے لیے رضاکارانہ طور پر متحرک کیا جائے گا۔
ثانیہ نشتر کے تحت ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو ضرورتوں کی بنیاد پر فنڈز مختص کرنے کی شناخت اور مربوط کرے گی،انہوں نے کہاکہ میں واضح کر دوں کہ حقیقی آزادی کے لیے ہماری تحریک سیلاب کے امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ جاری رہے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بھی اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہاکہ کل عمران خان کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ٹیلی تھون کا انعقاد کیا جائے گا۔ تفصیلات کا اعلان آج بعد میں کیا جائے گا۔









