لاہور(ممتاز نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ملاقات کی ،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورسیلاب سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال پر گفتگوہوئی اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متاثرین کے لئے مالی امداد کی اپیل کیلئے کہا ہے، متاثرین سیلاب کی مدد کرنا ہی اصل سیاست ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،متاثرین کی پکار پر سب کو یکجان ہو کر ان کا سہارا بننا ہوگا،جنوبی پنجاب، بلوچستان، کے پی کے اور سندھ میں تباہی پر ہر آنکھ اشکبار اور دل دکھی ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انسانی المیہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر مشترکہ اور مربوط انداز میں بحالی کا کام کرنا ہے،راولپنڈی میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے گا،راولپنڈی میں گرلز ڈگری کالج پراجیکٹ کو جلد مکمل کریں گے،نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی،راولپنڈی کے عوام کے لئے فلاحی منصوبوں کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کروں گا۔اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اجتماعی کاوش ضروری ہیں،مصیبت زدگان کی مدد ہر صاحب استطاعت کیلئے فرض ہے، ہنگامی حالات میں حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،سب کو یکجان ہو کر ان کا سہارا بننا ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب








