احمد آباد(انٹرنیشنل ڈیسک ) بھارتی شہر ولساڑ میں معروف بھارتی لوک گلوکارہ ویشالی بلسارا کی لاش ان کی اپنی ہی گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر ولساڑ میں گلوکارہ ویشالی بلسارا اپنی گاڑی میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں، پولیس کے مطابق گلوکارہ کا گلا گھونٹ کے قتل کیا گیا ہے، گلوکارہ اپنے شوہر کہ ساتھ ولساڑمیں مقیم تھیں جہاں وہ اپنی گاڑی میں گھر سے باہر نکلی تھیں ، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی واپس نہ لوٹنے پر ویشالی بلسارا کے شوہر ہریش نے پولیس سے رابطہ کیا،پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گلوکارہ کی گاڑی ڈھونڈ نکالی جس میں وہ مردہ حالت میں ملیں لاش کے پوسٹ مارٹم سے پتہ چلا کہ ویشالی بلسارا کو گلا گھونٹ کر مارا گیا ہے۔
بھارتی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی موت کی تحقیقات کے لیے 8 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور علاقےمیں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی وڈیوز حاصل کرلی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ویشالی 2011 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں ہریش اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ ویشالی اپنے شوہر کے ساتھ گجرات اور آس پاس کے شہروں میں کنسرٹ کرتی تھیں۔









