سرینگر( ممتاز نیوز ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے بابائے حریت قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی کو ان کے پہلے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے ا یک عظیم لیڈر کی وفات کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ایک بڑا نقصان ہے ،شہید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں تھے کشمیری قوم اپنے قائدکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر کو حیدرپورہ میں ان کے مزار کی طرف مارچ کریں ۔
قائد حریت سید علی گیلانی کے پہلے یوم شہادت پر اپنے بیان میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ سید علی گیلانی کشمیریوں کی جدوجہد کی ایک علامت تھے ، ان کی زندگی اور قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے اپنی پور ی زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کررکھی تھی ،ان کی حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد میںنے مثال خدمات اور لازوال کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔
انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، قابض بھارتی حکام کی طرف ظلم وستم کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے کبھی اپنے اصولی موقف پرسمجھوتہ نہیں کیا ،بہادری اور بے باکی کے ساتھ کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی ترجمانی کی۔
کشمیری خاتون رہنما نے کہاکہ سید علی گیلانی کسی فرد کانام نہیں بلکہ وہ ایک نظریہ ،فلسفہ اور پوری تحریک کا نام ہے ،سید علی گیلانی کی تعلیمات، جدوجہد اور قربانیاں مظلوم کشمیریوں کے لیے ایک نمونہ ہیں،آخری دم تک وہ کشمیرکاز کے لئے لڑتے رہے اور بھارتی حکمرانوں پر ان کا خوف سوار تھا اس وجہ سے علی گیلانی کو کئی سال تک گھر میں نظر بند رکھا گیا اور تمام بنیادی آزادیوں اور سہولیات سے محروم رکھا گیا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی۔
فریدہ بہن جی نے کہاکہ سید علی گیلانی اگرچہ ہم میں موجود نہیں۔مگر ان کے اصول و نظریات ھماری رہنمائی کیلئے موجود ہیںاور ان کے مشن کو منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا،حریت رہنما نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کے زبردست حامی تھی ان کا یہ نعرہ ہم پاکستانی ہیں اورپاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیر کے چپے چپے پر گونجتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہید قائد نے جس مشن کے لئے اپنی جان قربان کی وہ مشن کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے ملنے تک جاری رہے گا اور اس میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ اپنے قائد کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے ان کی پہلی برسی پر گھروں سے باہرآئیں اور ان کے مزار حیدر پورہ سرینگر کی طرف مار چ کریں ،جہاں قابض انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں انہیں اپنی وصیت کے خلاف دفن کیا ۔
فریدہ بہن جی نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی کے لئے مزار شہداء سرینگر میں قبر کے لئے جگہ مختص ہے وصیت کے مطابق سید علی گیلانی کو مناسب موقع پر وہاں ہی دفن کیا جائے گا۔
انہو ں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت پر دباو ڈالیں تاکہ شہید قائد کی لاش ورثاء کے حوالے کرکے مزار شہداء میں کشمیری عوام کی موجودگی میں دفن کی جائے ۔
فریدہ بہن جی نے کہاکہ شہداء کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، انہوں نے کہاکہ اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کاواحد طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو ہر صورت جاری رکھیں ۔
سیدعلی گیلانی کا حق خودارادیت کیلئے لازوال کردار ہمیشہ یاد رکھاجائے گا، فریدہ بہن جی








