اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو ضمیر فروش قراردے دیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اچھا ہوا ضمیر فروش بے نقاب ہوگئے ۔انہوں نے کہا کچھ بھی ہو کسی کو این آر او نہیں دوں گا،اپوزیشن کی چال کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی کسی صورت اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر ارکان نے وزیراعظم سے تحریک عدم اعتماد پر نمبرز کے متعلق سوالات کئے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ تسلی رکھیں جیت ہماری ہی ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید کی تجویز پر مثبت ردعمل دیا ۔اس موقع پر بعض حکومتی اراکین بھی اس کے حق میں نظر آئے صرف خسرو بختیار نے مخالفت کی۔ارکان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے لوگ شیشے کے گھر میں بیٹھ پتھر پھینک رہے ہیں ،انہیں فوری جواب دینا چاہیے ۔
منحرف ارکان ضمیر فروش ،اچھا ہوا بے نقاب ہوگئے،وزیراعظم








