اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد نے وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی ۔ جمعہ کو سعودی کمانڈر بارڈر گارڈ میجر جنرل محمد بن عبداللہ الشہری کی قیادت میں وفد کی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ سمیت وزارت داخلہ کی دیگراعلی حکام نے بھی شرکت کی ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی ، سکیورٹی ، غیر قانونی امیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے کی ٹریننگ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ، وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کے لئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خادمین حرمین شریفین کو حج 2022 پر بہترین انتظامات کرنے پرمبارکباد پیش کی ۔ وزیر داخلہ نے پاکستان سے عازمین حج کے لئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اورسعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے ۔ پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے ۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں ۔ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں ۔ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے ۔ سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حج پر بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت اور خادمین حرمین شریفین کومبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ پاکستان سے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔










