بھارت کے معروف صحافی اور کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے میچ ختم ہونے سے قبل پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز سے متعلق خواہش کا اظہار کیا تھا جو حیرت انگیز طور پر پوری بھی ہوگئی۔
گزشتہ روز پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کی بیٹنگ کے دوران محمد نواز غیر معمولی طور پر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے، انہوں نے کریز پر پہلے سے موجود محمد رضوان کا بھرپور ساتھ دیا، 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 42 رنز اسکور کیے۔
نواز کی شاندار اننگز جب ختم ہوئی تو ہرشا بھوگلے نے ٹوئٹر کا رُخ کیا جہاں انہوں نے لکھا ‘میرا پلیئر آف دی میچ محمد نواز ہے’۔
ہرشا بھوگلے نے یہ ٹوئٹ رات 10 بج کر 49 منٹ پر کی، یہ وہ وقت تھا جب سوشل میڈیا پر خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ مین آف دی میچ محمد رضوان ہوں گے کیونکہ انہوں نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم جب میچ 10 بج کر 55 منٹ پر ختم ہوا اور اس کے بعد انعامات تقسیم کرنے کی باری آئی تو دیکھا گیا کہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ محمد نواز کو دیا گیا، اس طرح ہرشا بھوگلے کی نواز سے متعلق خواہش حقیقت میں پوری ہو گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔









