اسلام آباد(ممتاز نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید خطرات سے دوچار ہے حالانکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بنے والی یہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے بلکہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ ملک میں حالیہ تباہ کن طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک بڑے حصے میں زیر کاشت زمینیں زیر آب آ چکی ہیں اور تمام بڑی فصلوں سمیت ذخیرہ شدہ اناج بھی تباہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU) کے زیر اہتمام “Climate Resilient Agriculture for Sustainable Development & Food Security “کے موضوع پر ہونے والی پہلی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی متحرک پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کو موثر انداز میں اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ SDGs پر پارلیمانی ٹاسک فورس SDGs کے آب و ہوا سے متعلق ہدف پر پیشرفت کی نگرانی کررہی ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی پر قائمہ کمیٹی بھی حکومتی موسمیاتی تبدیلیوں کے سدباب کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی سختی سے نگرانی کر رہی ہے۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے اور پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے کیونکہ پاکستان ان موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے تعاون سے ایشیا پیسفک ریجن کے ممالک کا ایک علاقائی سیمینار منعقد کرنے جارہی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہونے والے انسانی اور معاشی نقصانات کو اجاگر کیا جائے گا جس کا پاکستان ذمہ دار نہیں ہیں۔موسمیاتی تبدیلوں کے منفی اثرات کو اجاگر کرانے کے لیے کانفرنس کے انعقاد کے لیے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسپیکر نے امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس زراعت اور غذائی تحفظ سے متعلق قومی مکالمے کے لیے انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد چیئرمین شعبہ ایگریکلچر سائنسز (اے آئی او یو )نے کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے آئے اور پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی اور نقصانات سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے۔
عالمی برادری موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے،سپیکرقومی اسمبلی








