کراچی (نیوز ڈیسک) نجی ٹی وی کے پروگرام”کیپٹل ٹاک“ میں قمبرشہداد کوٹ، خیرپور ناتھن شاہ، جوہی اور دادو کے علاقوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی صورتحال دکھائی گئی،پروگرام میں سیلاب متاثرین نے کہا کہ ان علاقوں کے وڈیرے اورسرداراپنے خاندان لے کر یہاں سے نکل گئے ہیں، سندھ حکومت ہمیں ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پاک آرمی اور نیوی کو سلام پیش کرتے ہیں وہی یہاں پر ریلیف کا کام کررہے ہیں، پروگرام میں یہ بھی بتایا گیا کہ دادو کے گرد و نواح میں پاکستان آرمی اور نیوی متاثرین کی کیسے مدد کررہے ہیں۔میزبان حامد میر نے سیلابی علاقوں کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشکل کی گھڑی میں پاک فوج کی طرف سے بھی ریسکیو آپریشن جاری ہیں،قمبر شہداد کوٹ، خیرپور ناتھن شاہ ،جوہی اور دادو کے اکثر گاؤں سیلاب کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، سیلاب نے یہاں کی فصلوں اور باغات کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔دادو میں ریلیف کا کام کرنے والے ایدھی فاؤنڈیشن کے نمائندے سعد ایدھی نے کہا کہ دادو کے علاقے میں چھ دن سے ریلیف کا کام کررہے ہیں، نیوی کے ساتھ ہماری بوٹس بھی یہاں ریلیف کا کام کررہے ہیں، یہاں سب سے بڑا مسئلہ بوٹس کی تعداد کم ہونا ہے۔ سندھ کے سیلابی علاقوں میں ریسکیو کا کام کرنے والے بریگیڈیئر عثمان نے بتایا کہ پاک فوج پچھلے دو ہفتوں سے قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور شکارپور میں کام کررہی ہے، پہلے ہفتے ہم نے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کاکام کیا، اس وقت ہم متاثرین سیلاب کو ریلیف گڈز پہنچارہے ہیں۔
وڈیرے اور سردار اپنے خاندان لیکر یہاں سے نکل گئے، سیلاب متاثرین








