اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے ترکی میں سبکدوش ہونے والے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی کو فرائض کی تکمیل پر جلد سے جلد اپنے ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ ان کی جگہ نئے سفیر جنید یوسف انقرہ میں فرائض سنبھالیں گے ۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سائرس سجاد قاضی کو نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کیا جا رہا ہے ۔ وہ سہیل محمود کی جگہ لیں گے ۔ فلپائن میں سفیر امتیاز احمد قاضی اور برازیل میں سفیر احمد حسن دایو جو گریڈ 21 میں افسران اور ترقی کے منتظر ہیں ۔ حکومت ترقیوں اور تعیناتیوں میں پہلے ہی تاخیر کر چکی ہے ۔ جبکہ اہم بین الاقوامی اجتماعات متوقع ہیں ۔ 15 ستمبر کو سمر قند میں شنگھائی تعاون منتظیم کا اجلاس ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریب پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ ازبکستان سے واپسی کے فوری بعد وزیر اعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس 77ویں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ جہاں وہ سیلاب اور بارشوں سے تباہ کاریوں کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کریں گے ۔ ان اجتماعات میں پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں سیکریٹری خارجہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے ، نئے سیکرٹری خارجہ کا اعلان ایک ہفتے کے اندر متوقع ہے ۔ اس بارے میں اعلان وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے درمیان مشاورت کے بعد ہو گا۔
سائرس سجاد کو نیا سیکرٹری خارجہ بنائے جانے کا امکان








