کشمور/کندھ کوٹ(نیوز ڈیسک)کشمور پولیس نے کچہ کے علاقہ میں کامیاب آپریشن اور پولیس مقابلہ کے بعد انڈس ہائی وے سے اغواء ہونیوالے پنجاب کے رہائشی سمیت پانچ مغوی ڈرائیوربازیاب کروالیے۔پولیس کارروائی کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مغویوں کی باحفاظت بازیابی کے لیے مربوط حکمت عملی اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے درانی مہرکچے کے علاقہ میں ڈی ایس پی یار محمد رند کی سربراہی میں پولیس نے اس وقت کامیاب کارروائی کی جب اغواء کارمغویوں کو دوسری جگہ منتقل کررہے تھے اسی دوران پولیس نے اغواء کاروں کا محاصرہ کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ اغواء کاروں اور پولیس کے درمیان مقابلے کے بعد پولیس نے انڈس ہائی سے اغواء ہونیوالے ٹرک ڈرائیوروں رضوان ناریجو،رجب علی سولنگی،مسعود سولنگی،اسد اللہ اور ساہیوال کے رہائشی محمد زمان کو باحفاظت بازیاب کروالیا۔ بازیاب ہونیوالے محمد زمان کو نسوانی آواز میں جھانسہ دے کر اغواء کیا گیا تھا۔ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھرمیں امن وامان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ فرائض سے غفلت برتنے والے کرپٹ افسران اور اہلکارہرگز کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کیلئے میڈیااور سول سوسائٹی اپناکردار ادااور پولیس کیساتھ تعاون کرے۔ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار عبدالنبی بجارانی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے بہترین کارکردگی پرافسران اور اہلکاروں کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر بازیاب ہونیوالے مغویوں نے کشمور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
کشمور،پولیس کاکامیاب آپریشن، انڈس ہائی وے سے اغواء ہونیوالے پنجاب کے رہائشی سمیت پانچ مغوی ڈرائیوربازیاب








