بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ والو جتنی مرضی کوشش کر لو، ملک بھی میرا اور فوج بھی میری ہے،عمران خان

چشتیاں (نیوزڈیسک)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ بھگوڑا نواز شریف لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کے احکامات دے رہا ہے۔ مخالفین کی کی کوشش ہے مجھے فوج کے ساتھ لڑایا جائے، مسلم لیگ (ن) والوں جتنی مرضی کوشش کر لو یہ ملک اور فوج بھی میری ہے۔
چشتیاں میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کوسلام پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ ن کا گڑھ چشتیاں نہیں لندن ہے، یہ پاکستان سے پیسہ چوری کر کے باہربھیجتے ہیں، ان کا سارا خاندان لندن میں ہے یہ کمائی کرنے پاکستان آتے ہیں۔ جب تک ملک میں انصاف قائم نہیں کریں گے خوشحال نہیں ہو سکتے، کفر کا نظام چل سکتا ناانصافی اور ظلم کا نظام کبھی نہیں چل سکتا، یہ وجہ ہے پاکستان اتنے وسائل کے باوجود ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے، بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائےانہیں وزیر بنا دیا جاتا ہے، پرویز مشرف نے مجھے آزاد عدلیہ کے لیے جیل میں ڈالا، جیل میں کوئی بڑا ڈاکو نظر نہیں آیا، چھوٹے چھوٹے چورتھے، جب اسمبلی گیا تو بڑے، بڑے ڈاکو وہاں بیٹھے تھے، ہمارے نبیﷺ دنیا کے عظیم لیڈرتھے، یہ لوگ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازنے عدالت میں کہا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کیس ختم کیا جائے، شہباز شریف، حمزہ شہباز نے 16 ارب اپنے نوکروں کے نام پر منگوائے، دونوں باپ بیٹے کو اس کیس میں سزا ہونے والی تھی، چیری بلاسم کو بیرونی سازش کے تحت ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا، شہباز شریف کیس کے چار گواہان کو ہارٹ اٹیک ہوئے، کیس میں اب تک 5 لوگ مرچکے ہیں، ایسے شخص کو ملک کا چور دروازے سے وزیراعظم بنایا گیا، اس کا بڑا بھائی بھگوڑا لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کے احکامات دے رہا ہے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر فیصلہ کررہا ہے کونسا اگلا آرمی چیف ہوگا۔ شہباز شریف کو امپورٹ کرکے مسلط کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں طاقتور کو نا پکڑا جائے وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، قرآن میں اللہ کا حکم ہے اچھائی کا ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہونا ہے، نوجوانوں کو کہتا ہوں تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوانا ہے، آپ نے الیکشن میں اچھائی کا ساتھ دینا ہے برائی کا نہیں۔ یہ سب تحریک انصاف کی مقبولیت سے ڈرے ہوئے ہیں، انہوں نے میرے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا، نعرے مدینہ منورہ میں اورت وہین مذہب کا مقدمہ میرے خلاف درج کر لیا گیا، الیکشن کمشنر ان کا پالتو ان کے ساتھ ہے، پاکستان کی ساری باشعورعوام ان چوروں کے خلاف آج میرے ساتھ کھڑی ہے، بہاولپورمیں بہت بڑا مونچھوں والا لوٹا ہے، بڑے مونچھوں والے لوٹے کوخود کمپین کرکے ہراؤں گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب یہ کوشش کر رہے ہیں کسی طرح اداروں کو تحریک انصاف کے خلاف کیا جائے، بے شرموں تم لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا ہوا ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا انہوں نے ججز کو بریف کیس دے کر خریدا، انہوں نے ایماندار جسٹس سجاد علی شاہ کو ہٹایا تھا، ہم پاکستان کی عدلیہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے مجھے فوج کے ساتھ لڑایا جائے، مسلم لیگ (ن) والوں جتنی مرضی کوشش کر لو یہ ملک اور فوج بھی میری ہے۔