ملتان(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ اداروں کا احترام اور مضبوطی کیلئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ شہباز شریف سیلاب زدگان کی امداد میں سیاست نہ کریں۔ جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کی طرف بھی توجہ دیں۔ تحریک انصاف ملک بچانے نکلی ہے۔ تحریک انصاف اقتدار کے لئے نہیں‘ملکی بقاء کیلئے جنگ لڑ رہی ہے۔ملک بچانا ہے تو امپورٹڈ حکمرانوں کواقتدار سے الگ کرنا ہوگا۔ قوم نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج عمران خان ملتان میں کا تاریخی جلسہ ہوگا۔ جس میں وہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انشاء اللہ این اے157 میں عمران خان کا جلسہ ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ این اے 157 کی عوام آج بھر پور شرکت کرکے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دے دیں گے۔ کیونکہ مہر بانو قریشی کی جیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں‘ موضع شیر سنگھ‘قادر پور راں‘ جھوک لشکر پور‘ 3ایم آر‘ 4ایم آر‘ 5ایم آر‘ 18ایم آر میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ ملک واصف مظہر راں‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ ملک عاصم ڈیہڑ‘ قربان فاطمہ‘ مہر ضمیر حسین سنڈھل‘ ملک ارشاد اوجلہ‘ ملک ظہور مہے‘سہیل خان بابر‘ میاں رشید‘ کامران شریف‘ نجف خان سیال‘ مہر اشفا ق ہانسلہ‘ چودھری بن یامین ساجد‘ شیخ نعمان ودیگر اکابرین اس موقع پر موجودتھے۔ ا س موقع پر پی پی کی سابق ایم این اے و یوسف رضا گیلانی کی قریبی ساتھی بیگم نسیم چودھری ایڈووکیٹ نے اپنے گروپ اور موضع شیر سنگھ کے عوام کے ساتھ مہر بانو قریشی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ گزشتہ روز مختلف اجتماعات میں یونین کونسل کوٹھے والاموضع اعظم ہانس میں ملتان کی اہم سماجی شخصیت رائے ساجد اسماعیل‘یونین کونسل قادر پور راں میں پیر عبدالرحمن شاہ‘ چک نمبر 4ایم آر اور 5ایم آر میں محمد شفیع طاہر‘ سلیم سنگھیڑا‘ طاہر حمید نے پی پی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی چیئرمین آج ملتان تشریف لا رہے ہیں۔ یہ ان کا عوام پر اعتما د ہے کہ وہ جس جگہ جاتے ہیں عوام کی ایک بھر پور تعداد ان کا بیانیہ سننے آتی ہے۔ اور انشاء اللہ آج ملتان کا جلسہ تاریخی ہوگا۔ عمران خان کے جلسے میں شرکت کیلئے این اے 157 کی عوام کو بھر پور دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور چیئرمین عمران خان کا بیانیہ سنیں۔ ان کا اگلا لائحہ عمل سنیں۔ جلسے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان این اے 157 کی غیور عوام سے خطاب کریں گے۔ جس میں مائیں‘ بہنیں‘ بیٹیاں‘ نوجوان‘ کاشتکار‘ بزرگ‘ وکلاء بھر پور انداز میں شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ ملتان تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔ انہوں نے پی پی کا ملکی سیاست میں کوئی کردار نہیں۔ پنجاب کی عوام نے 2018ء میں پی پی کو بری طرح مسترد کیا۔ پنجاب میں 20نشستوں کے ضمنی انتخاب میں پی پی کا کوئی امیدوار نظر نہیں آیا۔ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے این اے 157 میں اس طرح پی پی کی منظر کشی کررہے ہیں جیسے پی پی اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ 11ستمبر کو این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں پی پی کی مقبولیت کی قلعی کھل کر سامنے آ جائیگی۔ پی پی کو ملک اور قوم کی فکر نہیں۔ پی پی‘ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے حلقے کی عوام کے لئے نہیں۔ اپنی سیاست بچانے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں این اے 157 کی عوام سے رابطے میں ہوں۔ یہاں کی عوام سے دوران وزارت خارجہ بھر پور رابطہ رہا۔ میں یہاں کی عوام صرف ایک سوال کرونگاکہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں نے این اے 157 کیلئے کیا کیا؟اگر انہوں نے حلقے میں کوئی ترقیاتی کام کروائے ہیں یہ کوئی نشانی نظر آرہی ہے تو سامنے لائیں۔ یوسف رضا اور ان کے صاحبزادوں نے حلقے کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ این اے 157 میں جو ترقیاتی کام اور ترقیاتی منصوبوں کی نشانی نظر آرہی ہے وہ ہمارے کرائے گئے ترقیاتی منصوبے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہمارا خاندان جھوٹے وعدوں اور خالی دعوؤں پر یقین نہیں رکھتا۔ ہم نے دوران اقتدار این اے 157 میں کروڑوں روپوں کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ حلقے میں بجلی‘ پینے کا صاف پانی‘ سڑکیں‘ سوئی گیس‘ ٹف ٹائل اور سیوریج کے منصوبے مکمل کروائے۔ ہمارے مقابلے میں اگر کسی نے اتنے ترقیاتی کام کروائے ہیں تو وہ سامنے لائیں۔ اس موقع پر مختلف برادریوں نے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا#کیپشنملتان: مخدوم شاہ محمود قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘بیگم نسیم چودھری یونین کونسل موضع شیر سنگھ میں اجتماع سے خطاب کررہے ہیں‘ ملک واصف مظہر راں‘ ملک عاصم ڈیہڑ‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ قربان فاطمہ سٹیج پر موجود ہیں
این اے 157 میں پیپلزپارٹی کو بڑا دھچکا،بیگم نسیم چودھری نے پی ٹی آئی امیدوارکی حمایت کردی








