بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ کے گھر سے ایک ملک کے جوہری پروگرام کی دستاویزات بھی برآمد

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر ایف بی آئی کے چھاپے کے دوران ایک ملک کے جوہری پروگرام کی انتہائی خفیہ اور حساس نوعیت کی دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی دستاویزات میں امریکا کے ایسے خفیہ آپریشنز کی معلومات بھی شامل ہیں جن کے متعلق انتہائی سینئر عہدیداروں کو بھی علم نہیں۔

رپورٹ کے مطابق، صرف صدر اور ان کی کابینہ کے کچھ ارکان یا کابینہ سے قربت رکھنے والے افسران کو ہی ایسی حساس ترین دستاویزات کا علم ہوتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، ایک ملک کے جوہری ہتھیاروں کی خفیہ معلومات کی دستاویزات بھی شامل ہیں جن میں اُس ملک کی آپریشنل اور دفاعی تیاری کی تفصیلات درج ہیں۔ اس معاملے سے آگاہ ذرائع نے واشنگٹن پوسٹ کو مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، عموماً ایسی معلومات کو انتہائی محفوظ اور اسپیشلائزڈ سیکور لوکیشن پر رکھا جاتا ہے جبکہ ان کی حفاظت کیلئے ایک افسر کو بھی متعین کیا جاتا ہے۔ اپنی انتہائی حساس نوعیت کے باوجود یہ دستاویزات ٹرمپ کی مار آ لاگو رہائش گاہ پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے 18؍ ماہ بعد تک موجود رہی ہیں۔

گزشتہ ہفتے، محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی نے ٹرمپ کے گھر سے دستاویزات سے بھرے 33؍ بکسے قبضے میں لیے ہیں جن میں 100؍ دستاویزات حساس نوعیت کی ہیں۔