بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کے فوری انتخابات کا مطالبہ غیر موثر، فائدہ حکومتی اتحاد کو ہوا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بدترین سیلاب نے جہاں اقتصادیات اور سماجی ماحول کو تبدیل کیا ہے وہاں سیاسی حالات بھی تبدیل ہوئے ہیں۔ اس کا ایک اثر جو نظر آ رہا ہے وہ یہ ہے کہ فوری انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ غیر حقیقی اور غیر موثر ہو گیا ہے۔ ان حالات میں عمران خاں کا فوری انتخابات کا پرزور مطالبہ بہت حد تک کمزور پڑ گیا ہے اس کا فائدہ حکومتی اتحاد کو ہوا ہے اب وہ اقتصادیات کی بحالی اور سیلاب زدگان کی مدد کا کام زیادہ یکسوئی سے کر سکے گی۔ جلد اور فوری انتخابات کی بات ٹلنے سے نومبر میں ہونے والی اہم تقرری کیلئے بھی حکومت کو زیادہ مہلت اور سوچ بچار کا اچھا موقع مل گیا ہے۔ سیلاب کے دنوں میں عمران خان کے جلسوں نے بھی سیاسی اثرات ڈالے ہیں۔ اس اثنا میں عمران خان نے حالات کے پیش نظر اداروں کے بارے میں متنازعہ بیانات دے دیئے بظاہر اس کا فائدہ حکومتی اتحاد کو ہوا۔ حکومت کو سیلاب کے دنوں میں عمران خان کی جانب سے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر ان کو ہدف تنقید بنانے کا موقع مل گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف جو کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں کی کارکردگی کو اس حوالے سے سراہا جا رہا ہے جس سے دیگر معاملات سے وہ دبائو سے نکلتے نظر آ رہے ہیں۔