اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاوس کا گیٹ توڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچے اور سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے ، جہاں انہوں نے دھرنا دینے کے بعد سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی ارکانِ قومی اسمبلی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق مطابق پی ٹی آئی کارکن گیٹ توڑکرسندھ ہاؤس میں داخل ہوئے ۔ پولیس نے ایم این اےفہیم خان اورعطااللہ کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے 7کارکنوں کوبھی حراست میں لےلیا ۔دوسری جانب عدم اعتماد آنے کے بعد کشیدگی بڑھنے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکن سندھ ہاؤس پہنچ گئے۔پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے دروازہ توڑنے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکن سندھ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جبکہ پولیس نے کارکنوں کو آگے جانے سے روک دیا ہے۔ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری کے مطابق جہاں غنڈہ گردی ہوگی وہاں ہمارے کارکن دفاع کے لئے موجود ہوں گے، غنڈوں کے جھتے پولیس کی نگرانی میں ریڈ زون میں داخل کئے جارہے ہیں۔اسلم غوری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی بدمعاشی کا ہر حال میں مقابلہ کریں گے، راولپنڈی، اسلام آباد کے کارکن فوری طور پر اسلام آباد پہنچ جائیں، اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے سندھ ہاوس پر دھاوا بول دیا








