بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سی این این کے پہلے چیف اینکر برنارڈ شاء 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

کراچی (نیوز ڈیسک) دو دہائی تک امریکی ٹی وی چینل سی این این کیلئے بحیثیت چیف اینکر اور نامور سیاہ فام براڈکاسٹر برنارڈ شاء 82؍ برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ کئی لوگ انہیں برنی کے نام سے جانتے تھے۔ انہیں 1991ء کی خلیج جنگ کی براہِ راست کوریج کرنے کے بعد سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ان کا انتقال واشنگٹن کے ایک اسپتال میں نمونیا کے باعث ہوا۔ انتقال کا اعلان سی این این کے سابق چیف ایگزیکٹو ٹام جانسن نے کیا۔ وہ گزشتہ 20؍ سال سے سی این این سے وابستہ رہے اور شدید دبائو کے باوجود وہ ٹھنڈا مزاج رکھنے کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔ جس وقت 1991ء میں امریکا نے کویت کو آزاد کرانے کیلئے عراق کیخلاف آپریشن کیا تھا، اس وقت بھی برنارڈ شاء پرسکون انداز سے بغداد پر ہونے والے حملوں کی کوریج کرتے رہے۔ 2014ء میں ریڈیو کو دیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ایک اینکر بننے کے دوران میری کوشش رہی کہ میں خبریں نشر کرتے وقت اپنے جذبات کو قابو میں رکھوں، اور میں ذاتی حیثیت میں سمجھتا ہوں کہ میں اس کڑے امتحان میں کامیاب رہا۔