اسلام آباد(ممتاز نیوز) نادرا اپنے پلیٹ فارم کو ون لنک نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرکےڈیجیٹل گورننس کو فروغ سمیت معاشی اہداف کے حصول میں مدد گار ثابت ہوگا جو وسیع پیمانے پر پھیلے ہوئے نادرا ای سہولت نیٹ ورک کے ذریعے مالیاتی ڈیجیٹل خدمات کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔
چیئرمین نادرا طارق ملک اورچیف آپریٹنگ آفیسر ون لنک نجیب اگروالہ نے نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری ڈیٹا بیس ادارے نادرا نے مالیاتی ادائیگی کے سب سے بڑےگیٹ وے ون لنک کے ساتھ اسٹریٹجک پاٹنرشپ کی بدولت ملک بھرمیں نادرا ای-سہولت فرنچائز نیٹ ورک کے ذریعے ایک مضبوط اور منظم ای-پیمنٹ کی خدمات فراہم کرنےکے دور کاآغاز کر دیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نادرا اپنی ڈیجیٹل خدمات اور تکنیکی مہارت کے وسیع ااحاطےکی بدولت پبلک اور پرائیویٹ دونوںسیکٹرزکو بااختیار بنا کر ای گورننس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا ای سہولت ملک بھر میں نچلی سطح تک پہنچنے والی ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی فراہمی کے جدید ترین چینلز میں سے ایک ہے۔
چیئرمین نادرانے کہا کہ نادرا ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ریاستی صلاحیت کار کووسعت دے رہا ہے اور الیکٹرانک مالیاتی لین دین کی طرف بڑھنے کے لیے شفافیت اور احتساب کےعمل کو بھی یقینی بنا رہا ہے جومالیاتی شمولیت کو فروغ دے گا۔
شراکت داری کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہاکہ نادرا اور ون لنک دونوں پلیٹ فارمز ادئیگی کے عمل کو آسان سے آسان بنا ئیں گے جس سے سترہ ہزار سے زائد ای سہولت مراکز سے فنڈز کی منتقلی، کیش ان/کیش آؤٹ، پبلک ٹو گورنمنٹ، گورنمنٹ ٹو پبلک اور پبلک ٹو پبلک ادائیگیوں کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا۔
یہ شہریوں کو مستقبل قریب میں قومی سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی اور مالی شمولیت جیسے مقاصد کو حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
یہ پلیٹ فارم ملک بھر میں چالیس سے زائد بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کے لئےبائیو میٹرک تصدیق کے ذریعےکیش اِن/کیش آؤٹ کامحفوظ نظام بھی وضع کرے گا۔
نادرا ای سہولت فرنچائیز نیٹ ورک پر ون لنک کی خدمات جس میں ون بل، انٹر بینک فنانشل ٹرانزیکشنز ،کیش ان اور ہیومن اے ٹی ایم/کیش آؤٹ، متعارف کرانے سے ملک بھر کے شہریوں کو آسانی کے ساتھ مالی خدمات حاصل کرنے میں سہولت ملے گی۔
یاد رہے کہ اس اشتراک سے نادرا کے سترہ ہزار ای سہولت مراکز ملک بھر میں موجود چودہ ہزار سے زائد اے ٹی ایم مشینز کی استعداد کو بڑھا کر دوگنا کریں گے جس سے شہری کیش باآسانی جمع کرسکیں گے اور نکلوا سکیں گے۔ نادرا کی یہ ڈیجیٹل مالیاتی سہولت پاکستان میں مالیاتی ادائیگیوں کے نظام میں انقلاب برپا کرےگی۔
نادرا نے ای-سہولت فرنچائز نیٹ ورک کے ذریعے ای پیمنٹ پلیٹ فارم کا آغاز کردیا








