بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی سیاست میں نفرت کا عنصر روز بروز بڑھتا جا رہا ہے: ایم پی اے آصف بھگت

ریاض (ممتاز نیوز) سعودی عرب میں پیپلزپارٹی کے سنئیر رہنما سابق ممبر پنجاب اسمبلی آصف بشیر بھگت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں ملکی سیاست سمیت پاک سعودی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا.

دارالحکومت ریاض میں پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں پیپلزپارٹی گلف کے صدر وسیم ساجد، فنانس سیکرٹری چوہدری اختر گجر، سیکرٹری اطلاعات شریف بلوچ بھٹو، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مڈل ایسٹ ملک عابد اعوان نے پیپلزپارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی کا خیر مقدم کیا.

اس موقعہ پر ملکی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی آصف بشیر بھگت کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں نفرت کا عنصر روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس سے انتشار اور افراتفری کی سیاست میں تیزی آئی ہے جو کسی صورت عوام کے لئے فائدہ مند نہیں ہے پیپلزپارٹی پنجاب میں دوبارہ سے عوام میں مقبول ہو رہی ہے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے پاکستانی سیاست میں اپنا منفرد مقام بنایا ہے پیپلزپارٹی نظریاتی سیاسی جماعت ہے جسکا مقصد ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے اور جس طرح سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ میں ذمہ داران پارٹی کے لئے کام کر رہے ہیں وہ بھی لائق تحسین ہے.

پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں جب تک سیاسی اور جمہوری استحکام نہیں آتا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا اس لئے ضروری ہے کہ ہماری تمام لیڈر شپ ملکی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایک ساتھ ہوکر آگے بڑھے تاکہ پاکستان بہتر انداز میں آگے بڑھ سکے.