کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کابینہ نے 23-2022ء کیلئے گندم کی امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کر دی ، کابینہ نے سلیکشن بورڈز / کمیٹیوں کی سفارش پر عمران صمد کو سندھ بینک کا سی ای او / صدر تعینات کردیا، سید صلاح الدین کو چیف ایگزیکٹیو واٹر بورڈ اور اسد اللہ کو چیف آپریٹنگ آفیسر کراچی واٹر بورڈ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اتوار کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ بعض وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے۔
وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ صوبائی حکومت نے 9000 روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے درآمدی گندم خرید کرتی ہے جس کا مطلب ہے کہ دوسرے ممالک کے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔
مشیر برائے زراعت منظور وسان نے بتایا کہ زرعی زمینیں زیر آب آ چکی ہیں، انہیں پانی نکالنے، اگلی فصل کے لیے تیار کرنے کے لیے بہت زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے ، اگر گندم کو ایک خاص تناسب سے نہ اگایا گیا تو صوبے کو قحط جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔








