ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی جس کا او بھائی مجھے مارو کے بیان سے وائرل ہونے والے مومن ثاقب پر گہرا صدمہ ہوا اور حالت خراب ہوگئی ۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں پاکستان کی شکست کے بعد مومن ثاقب کی حالت دیکھی جاسکتی ہے۔
ویڈیو میں مومن ثاقب کو دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی حالت بالی ووڈ کی مشہور فلم تیرے نام کے سلمان خان کی جیسی ہو گئی جبکہ بیک گراؤنڈ میں تیرے نام کا مشہور گانا بھی سنا جاسکتا ہے۔
مومن ثاقب کی حالت ایسی ہے کہ وہ پاکستان کی شکست کو برداشت نہیں کر پا رہے اور شدید صدمے میں چلے گئے۔
گزشتہ دنوں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے فائنل میں مدمقابل تھیں جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 170 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم صرف 147 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
اس طرح سری لنکا نے ایشیا کی کرکٹ کے سلطان کا تاج اپنے سر پر سجالیا جب کہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز سری لنکن کھلاڑی بھانوکا راجا پاکسےکے نام رہا۔
اس سے قبل افغانستان کیخلاف فاسٹ بولر نسیم شاہ کے دو چھکوں پر اداکار مومن ثاقب نے کھلاڑی کو اپنا گردہ دینے کا اعلان کردیا۔
میچ کے بعد اسٹیڈیم سے مومن ثاقب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گئی تھی جس میں مومن ثاقب جذبات میں نسیم شاہ کو جان اور شہزادہ کہہ رہے تھے۔
اداکار نے نسیم شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ آخری اوور میں نسیم شاہ نے دو چھکے مار دیے، نسیم شاہ ہماری جان ہے، نسیم شاہ ہمارا شہزادہ ہے۔
جذبات میں مومن ثاقب نے نسیم شاہ کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ نسیم شاہ کو میری طرف سے میرا گردہ بھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شارجہ میں جاوید میانداد کے بعد چھکے مارنے والا نسیم شاہ ہمیشہ یاد رہے گا، نسیم شاہ میں جاوید میانداد کی روح آگئی تھی، یہ نسیم میانداد ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر چھٹی بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، سری لنکن ٹیم راجا پکسا کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان کو 171 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی تھی جس کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔









