بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنوبی افریقہ میں ڈیم ٹوٹنے سے 3 افراد ہلاک

جوہانسبرگ (انٹرنیشنل ڈیسک)وسطی جنوبی افریقہ میں ایک کان کا ڈیم ٹوٹنے کے بعد آنے والے سیلاب کے باعث مکانات اور کاریں بہہ جانے سے کم از کم 3 افراد ہلاک اور درجنوں شہری زخمی ہو گئے۔

نجی خبررساں ادارے میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹیلی ویژن فوٹیج میں گارا زدہ پانی کو کان سے نکل کر قریبی رہائشی علاقے کی جانب بہتے ہوا دکھایا گیا ہے۔

ڈیم ٹوٹنے سے نکل کر بہنے والا پانی فری اسٹیٹ صوبے کے دارالحکومت بلومفونٹین سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع قصبے جاگرس فونٹلین میں سڑکوں اور مکانات کو بہا لے گیا۔

فری اسٹیٹ کے وزیر اعظم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کان کا ڈیم ٹوٹ گیا اور اس سے نکلنے والا پانی اس علاقے میں مکانات اور کاریں بہا لے گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پانی سے 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

وزیراعظم کی ترجمان نے مزید بتایا کہ حاملہ خاتون سمیت 40 افراد کو ہسپتال لے جایا گیا، جن میں سے4 افراد کے ہاتھ ، پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں جب کہ دیگر افراد زخمی اور ہائپوتھرمیا سے متاثر ہیں۔

قومی بجلی فراہم کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ جاگرسفونٹین کا ایک سب سٹیشن کیچڑ میں دب جانے کے باعث بجلی سے محروم ہے۔

بجلی سپلائی فراہم کرنے والے ادارے ایسکوم نے ایک بیان میں کہا کہ جاگرسفونٹین کے علاقے میں موجودہ صورتحال اور سب اسٹیشن ناقابل رسائی ہونے کی وجہ سے یہ اندازہ لگانا نا ممکن ہے کہ بجلی سپلائی کب تک بحال ہو گی یا گرڈ اسٹیشن کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم کی ترجمان نے مزید کہا کہ لوگوں کو سرچ اینڈ ریسکیو کرنے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ حکام متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں کو قریب میں موجود فارمز پر منتقل کر رہے ہیں۔

صوبائی محکمہ سماجی بہبود نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کچھ مکانات مکمل طور پر منہدم اور تباہ ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کے پاس تن پر موجود کپڑوں کے سوا کچھ نہیں بچا ہے۔