بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 عمران خان سیلاب زدگان کی امدادکو متنازعہ بنا رہے ہیں ، شیری رحمان

اسلام آباد (ممتاز نیوز) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کی امدادکو متنازعہ بنا رہے ہیں ا وراس سے بڑی ملک دشمنی اور سازش کیا ہوسکتی ہے،پی ٹی آئی  سفیروں اور اقوام متحدہ کو سوشل میڈیا پر سیلاب زدگان کی مدد سے روک رہے ہیں۔پیر کو وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سیلاب زدگان کے لیے کی گئی ٹیلی تھون پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے اپنے جلسوں میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کی ویڈیوز چلا رہے ہیں اور سیلاب زدگان کی امدادکو متنازعہ بنا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس ہے کہ دوسروں پر سازش کا الزام  لگانے والے خود سیلاب زدگان کے خلاف سازش کر رہے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سفارتکار مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی سے یہ برداشت نہیں ہورہا ہے۔پی ٹی آئی والے سفیروں اور اقوام متحدہ کو سوشل میڈیا پر سیلاب زدگان کی مدد سے روک رہے ہیں، اس سے بڑی ملک دشمنی اور سازش کیا ہوسکتی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ اس وقت ہمیں سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے اپنے عوامی رابطہ مہم کے ملتان میں آخری جلسے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مشترکہ پریس کانفرنس کے حوالے طنزیہ ویڈیوز چلا ئی تھیں۔