فیصل آباد( معظم رندھاوا )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سر پرست اعلیٰ وصدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا اور جنرل سیکرٹری شیخ سعیداحمد نے کہاہے کہ ملک و قوم کی ترقی خوشحالی میں ملک بھر کے تاجروںکے جذبہ حب الوطنی کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،آج بھی محب وطن تاجر حکومت سے لڑائی نہیں دوستی چاہتے ہیں لیکن تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، حکمرانوں کوبھی اپنی پالیسی کو تاجر دوست بنانا ہوگاجس میں کمی کی وجہ سے تاجر طبقے اور حکومت کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر تاجرکانفرنس میں شرکت کےلئے کوئٹہ روانگی سے قبل تاجرساتھیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تاجرکانفرنس میں تاجروں کو درپیش مسائل جن میں تاجر برادری سے بغیرمشاورت کئے جانے والے فیصلے، کوروناکے بعدمتاثرہ کاروبار کی بحالی ، دکانوں پر پوائنٹ آف سیل پرڈیوائس لگنے کے عملی طریق کار ، رقبہ و حجم کی بجائے چھوٹے تاجروں کی زبردستی سیلز رجسٹریشن کے قانون کے خلاف ،بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بد امنی ،فرسودہ ٹیکس نظام ،IMFکی ڈکٹیشن پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی آڑ میں آئے دن بجلی کے نرخوں میں ناقابل برداشت اضافہ اور بالخصوص تاجر وں کی عزت نفس کی بحالی کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے کےلئے آواز اٹھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن تاجروں کی کوئی سیاسی جماعت نہیں ہماری پہچان صرف اور صرف پاکستان ہے یہ سلامت ہے تو ہم سب سلامت ہیں ورنہ کچھ بھی نہیں لیکن حکمرانوں کی عقل میں یہ بات نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجروں نے وطن عزیز کی ترقی خوشحالی اور استحکام کےلئے ہمیشہ ہر حکومت سے اپنی بساط سے بڑھ تعاون کیا ہے آج بھی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمدکاشف چوہدری، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم آغااور چیئر مین خواجہ سلیمان صدیقی اوردیگر قائدین کی قیادت میں یہ سلسلہ جاری ہے لیکن کسی حکومت نے انہیں انکی حب الوطنی کا صلہ نہیں دیا جنرل سیکرٹری شیخ سعیداحمد نے کہا کہ ملک کی تاجر برادری موجو دہ یاسابقہ کسی بھی حکومت کے خلاف کسی مخالف جماعت کا حصہ نہیں لیکن ٹیکسوں کی بھرمار یوٹیلٹی بلوں میں ہونے والے اضافہ ااورمہنگائی نے تاجروں سمیت پوری قوم کو مایوسی کے سونامی میں دھکیل دیاہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔










