لندن(انٹرنیشنل ڈیسک) ملکہ الزبتھ دوئم کی میت خصوصی طیارے میں ایڈنبرا سے نارتھولٹ کے لیے روانہ کی گئی تو طیارے کے آن ہونے کے پہلے ہی منٹ میں دنیا بھر سے ساٹھ لاکھ سے زائد لوگوں نے اس پرواز KRF01R کو ٹریک کیا۔ اس خصوصی پرواز کے لیے رائل ایئر فورس کا بوئنگ سی17 اے طیارہ استعمال کیا گیا۔ ملکہ الزبتھ II کی آخری پرواز کے حوالے سے فلائٹ ٹریکنگ کے اعدادوشمار نے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق بوئنگ سی 17 اے کے ٹرانسپونڈر کے آن ہونے کے ایک منٹ میں 6 ملین لوگوں نے پرواز کو فالو کرنے کی کوشش کی۔ اس کوشش نے بدقسمتی سے فلائٹ ریڈار کے پلیٹ فارم کے استحکام کو متاثر کیا۔ ریڈار انتظامیہ کے مطابق ملکہ کے طور پر اپنی پہلی پرواز کے 70 سال بعد ملکہ الزبتھ II کی آخری پرواز فلائٹ ریڈار کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹریک کی جانے والی پرواز ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انہوں نے اپنی سائٹ پر نئے صارفین کو شامل کرنے کی شرح کو محدود کرنے کے لیے اضافی پلیٹ فارم کنٹرولز کو فعال کیا۔ پرواز کے دوران 4.79 ملین لوگوں نے پرواز کے ایک حصے کو فالو کیا جبکہ اور فلائٹ ریڈار منتظمین نے پرواز سے متعلق 76.2 ملین یوزرز کی درخواستوں پر کارروائی کی۔ پرواز کی مقبولیت کی بناپر فلائٹ ریڈار نے ایڈنبرا سے نارتھولٹ تک ملکہ الزبتھ II کے تابوت کو لے جانے والی پرواز کا پلے بیک بھی سوشل میڈیا پر ریلیز کیا ہے۔
ملکہ الزبتھ کا تابوت لیجانے والی پرواز کو ایک منٹ میں 60 لاکھ لوگوں نے ٹریک کیا








