بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جھوٹی اور حقائق کے منافی خبر جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(ممتاز نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آج کے دور میں جھوٹی اور حقائق کے منافی خبریں جن کا حقیقت سے دور تک تعلق نہیں ہوتا پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب بغیر تحقیق کے کسی بات کو پھیلانے کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا حقائق پر مبنی خبر دینا آج کے دور میں بڑے ثواب کا کام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ میڈیا عوام اور عوامی نمائندے کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، میں پی آر اے کو پارلیمنٹ کا حصہ سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت جاری کی کہ میڈیا کے نمائندوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، میڈیا پارلیمنٹ کا حصہ ہونے کہ ناطے پارلیمنٹ کی کارروائی کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی حضرات پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارلیمنٹ سے متعلق درست خبر عوام تک پہنچائیں اور اس مقدس ادارے کے خلاف چھپنے والی جھوٹی خبروں کی تردید کریں اور غلط خبر دینے والوں کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں کے سدباب کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اس سلسلے میں اگر ان کو کوئی معلومات چاہییں ان سے یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر ہم کوئی خلاف قاعدہ کام کریں تو صحافی برادری کا پورا حق ہے وہ ہم پر تنقید کرے اور وہ ہماری رہنمائی کرے، تاہم اگر کوئی اس معزز ادارے کی بے توقیری کرے تو اس کا محاسبہ کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ ہم سب کی اور سب نے ملکر اس کے وقار کو بلند کرنا ہے۔دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کرنے والے پارلیمانی وفد سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد اور من گھڑت اور حقائق کے منافی خبروں کا ذکر کرتے ہونے اسپیکر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کانفرنس کے طے کردہ معیار کے مطابق پاکستان کی وفاقی پارلیمان کل پانچ ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ شرکت کر سکتی تھی۔ ان پانچ میں سے بھی دو ارکان کا تعلق سینٹ اور تین کا، بشمول اسپیکر ، قومی اسمبلی سے تھا۔ انہوں نے کہا صرف ایک رکن اسمبلی رومینہ خورشید عالم کے ہمراہ میں نے کانفرنس میں شریک کی جبکہ دو ارکان سینٹ میرے ہمراہ تھے۔ اسپیکر نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس خبر کی تردید کرنے کے باوجود بعد میڈیا ہاؤسز نے بغیر کسی تحقیق کے مملکت کے معتبر ترین ادارے پر کیچڑ اچھالا۔انہوں نے کہا کہ 25 اراکان کی جھوٹی خبر کو بغیر کسی تحقیق کے جنگل کی آگ کی طرح پھیلایا لیکن قومی اسمبلی کی جانت سے جاری کردہ تردید کو کسی نے بھی چھاپنے کی زحمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض بڑے معتبر اداروں کے عہدیداران نے بھی بے بنیاد خبر کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔اسپیکر نے کہا کہ ہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران تیسرے آئی پی یو ایشیا پیسفیک سیمینار کو احسن طریقے سے منعقد کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران قومی اسمبلی نے دو میگاہ ایونٹ کامیابی کے ساتھ منعقد کرائے ہیں جن میں 14اگست کے موقع پر ڈائمنڈ جوبلی تقریبات اور آئی پی یو ایشیا پیسفیک پارلیمانوں کا ایس ڈی جیز پر سیمینار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں پارلیمنٹ ہاوس میں بچوں ، خواتین ، اقلیتوں یہاں تک کہ پارلیمنٹ کے فلور پر خواجہ سرا کی آواز تک گونجی۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کی حقیقی آوازیں ہیں جو اس مقدس ایوان میں گونجی، ان تقریبات کےانعقاد کا مقصد عوام اور عوامی نمائندوں کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی سیمینار کا مقصد پاکستان میں عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصان کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ جس میں ہم نا صرف کامیاب ہونے بلکہ ایشیا پیسیفک کے 34 ممالک کی کی مدد سے آئی پی یو کی اگلے ماہ روانڈا میں ہونے والی آئی پی یو کانفرنس میں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات کے سلسلے میں میں ایمرجنسی قراداد بھی پیش کی جائے گی۔ ملک کو درپیش معاشی مسائل کے پیش نظر ہم نے اس سیمینار کو انتہائی سادگی اور کفایت شعاری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد کیا۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی نوعیت کے اس سیمینار کو پاکستان میں ماضی میں ہونے والی کانفرنسوں اور سیمینارز میں سب سے کم اخراجات میں منعقد کرایا گیا۔اس موقع پر صدر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) نے آئی پی یو ایشیاء پیسیفک ریجن سیمینار کے کامیاب انعقاد پر اسپیکرقومی اسمبلی کو مبارکباد دی۔انہوں نے آئی پی یو سیمینار کے انعقاد کے موقع پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پی آر اے کے ساتھ مکمل تعاون پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار سے متعلق تمام معلومات بروقت فراہم کی جاتی رہی ہیں۔انہوں نے پارلیمان کی کاروائی اور پارلیمان میں ہونے والی عوامی نمائندوں کی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے آخر میں اسپیکر قومی اسمبلی نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اسپیکر نے تقریب میں بھرپور شرکت پر پی آر اے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔