بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین جانے والے پاکستانی طلبہ نے پی آئی اے کےکرایوں میں معمولی کمی کو مستردکردیا

راولپنڈی (وقار حسین کاظمی)چین جانے والے پاکستانی طلبہ نے قومی ائرلائن کےکرایوں میں بھاری بھرکم اضافے کے بعد معمولی کمی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ چین کے تعلیمی اداروں کیلئے ویزے کھلتے ہی قومی ائر لائن نے کرایوں میں اندھا دھند اضافہ کرتے ہوئے ایک لاکھ سے کم والے ٹکٹ پانچ لاکھ کردیا جس نے تعلیم کیلئے چین کے منتظر طلبہ کو دن میں تارے دکھا دیئے۔ سات ہزار سے زائد طلبہ کو مسئلے سے نکالنے کیلئے پاک چائنا سٹوڈنٹ کونسل نے وزیر اعظم کو کھلا خط بھیج دیا۔ کورونا کی وجہ سے چین نے طلبہ کی لئے سٹڈی ویزوں کا اجراء معطل کر دیا تھا جس پر حال ہی پابندی اٹھا لی گئی جس پر طلبہ نے ٹکٹ کیلئے قومی ائر لائن سے رابطہ کیا تو انکے ہوش اڑ گئے کیونکہ چین کا یکطرفہ کرایہ پانچ لاکھ مقرر کیا گیا۔ طلبہ کے آواز اٹھانے پر کچھ روز قبل پی آئی اے نے 22 فیصد کمی کے اعلان کے بعد بھی یکطرفہ کرایہ چار لاکھ روپے سے زائد ہے۔ طلبہ کے مطابق قومی کئی گنا کرائے بڑھا کر معمولی ناقابل فہم ہے جبکہ اتنے فاصلے کی فلائٹس کے کرائے ایک لاکھ سے کم ہیں۔ اس صورتحال جس سے چین جانے کیلئے تیار تقریباً سات ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خطرہ ہے۔ طلبہ نے بتایا کہ چین کا تعلیمی اخراجات دیگر ممالک سے کم ہونے اور سو فیصد سکالر شپ کی وجہ سے غریب و متوسط گھرانوں کے طلبہ چین جاتے ہیں لیکن انکا اب اس صورتحال میں جانا ناممکن لگتا ہے کیونکہ اتنے مہنگے ترین ٹکث کے علاوہ طلبہ کو چین پہنچ کر یونیورسٹی مقامات تک جانے کیلئے ایک اور فلائٹ لینی ہوتی ہے اور دس روز ہوٹل میں قرنطینہ اور ٹسٹ کے اخراجات بھی موجودہ ٹکٹ کے براںر ہیں۔ اس صورتحال میں طلبہ میں شدید مایوسی اور بددلی پائی جاتی ہے۔ طلبہ کی کونسل نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور دیگر روٹس کے مساوی کرائے مقرر کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔