اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اورسول آرمڈ فوسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت کی منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی ہے، سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چہلم کے موقع پرپاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز بھی سیکیورٹی خدمات سر انجام دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں، پاک فوج کے جوان سیلاب ڈیوٹی کے ساتھ چہلم کی سیکیورٹی کے لیے بھی خدمات سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام فورسز کا استعمال کیا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سینٹرل کنٹرول روم سے جلوسوں اورسیکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا، جلوسوں، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
ملک بھر میں سکیورٹی کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فوسز کی تعیناتی کی منظوری








