بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب کی تباہ کاریوں کےاثرات ،سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

فیصل آباد(معظم رندھاوا) ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات پنجاب کے وسطی اضلاع میں پہنچنے لگے ،فیصل آباد اندرون شہرغلام محمد آباد میں قائم سبزی اور فروٹ منڈی میں سبزی اور پھلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں جس سے آڑھتیوں سمیت سبزی اور فروٹ کے کاروبار سے جڑے پھڑی لگانے والے اور دکاندار شدید ذہنی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں ۔گزشتہ اڑھائی ماہ کے دوران سبزی اور فروٹ منڈی میں 40 فیصد تک کاروبار میں گراوٹ ہوئی ہے ۔
روز نامہ ممتاز کے سروے کے دوران سبزی منڈی میں کاروبار کرنے والے افراد پھٹ پڑے ۔تفصیلات کے مطابق اندرون شہر غلام محمد آباد میں قائم سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار سے منسلک افراد نے روز نامہ ممتاز کو سروے کے دوران بتایا کہ کاروبار شدید مندی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے بیشتر دکانوں کے سامنے سبزی اور پھل کے ڈھیر نظر آتے ہیں لیکن خریداروں کی انتہائی کمی ہے ۔سبزیوں کی قیمتوں میں ہونے والے ہوش ربا اضافے سے کاروبار اوسط درجے کا رہ گیا ہے۔
روز نامہ ممتاز کے سروے کے دوران آڑھتیوں کا کہنا تھا کہ کاروبار میں چالیس فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے جس کی بنیادی وجہ سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں جس سے سبزی اور پھل کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعتی اور معاشی بحران نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس سے نہ صرف عام آدمی کی قوت خرید میں کمی ہوئی ہے بلکہ خریداری میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو چکی ہے جس سے وہ شدید زہنی ہریشانی کا شکار ہیں ۔
سروے کے دوران سبزی اور فروٹ منڈی میں براہ راست خریداری کے لیے آنے والے عام شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ منڈی میں سستی سبزیاں اور پھل خریدنے کا خواب لے کر یہاں آئے ہیں لیکن منڈی میں ریٹ دیکھ کر ان کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں ۔
اس سے قبل وہ سبزی منڈی سے ہفتہ بھر کی سبزیاں اور پھل خرید کر گھر لے جاتے تھے جو اب ان کے لیے ممکن نہیں رہا سبزی منڈی میں ٹماٹر 120 روپے ادرک 400 روپے سبز مرچ 250روپے آلو 100 روپے پیاز110 روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہا ہے ۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ سبزیان کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے اب وہ ایک ہفتہ کی نہیں ایک دن کی سبزی خرید نے کی ہی سکت رکھتے ہیں عام شہریوں کا کہنا ہے کہ پھل خریدنا ان کے لیے کسی ڈراونے خواب کے سوا کچھ نہیں کیلا 80 روپے فی درجن سیب250 روپے فی کلو گرام مسمی 250 روپے فی درجن تک پہنچ چکی ہے۔