ریاض (ممتاز نیوز) سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا.
سعودی دارالحکومت ریاض میں حلقہ فکروفن کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں تنظیم کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے پاکستان کے وجود کی بنیاد رکھی اور پھر ایک عظیم جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ابھارا جس میں ہم آزاد زندگی بسر کر رہے ہیں اور جو پوری دنیا میں ہماری شناخت بھی ہے جس پر ہم فخر کرتے ہیں اور جب تک ہم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات اور افکار کے مطابق پاکستان کو آگے نہیں بڑھائیں گے تب تک مسائل جنم لیتے رہیں قائداعظم کے اصول ایمان،اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکر پوری قوم اور لیڈر شپ یکجان ہونے کی اہم ضرورت ہے.
تقریب کے مھمانِ خصوصی نامور مؤرخ آرکیٹیکٹ نسیم احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم لیڈر تھے جنھوں نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور انہیں وہ جذبہ دیا جسکی بدولت پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا آج بھی قائداعظم کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو بہتر راستے پر گامزن کیا جاسکتا ہے.
تقریب سے محمد اصغر چشتی، شیخ سعید احمد، ڈاکٹر طارق عزیز، وقار نسیم وامق ,عدنان اقبال بٹ، قاضی اسحاق میمن، مخدوم امین تاجر، پروفیسر زید مرتضیٰ ملک سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا.










