کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) میٹرک اور انٹر کے دوسرے مرحلے کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وقت پر نہیں ہوں گے جبکہ باقی علاقوں میں وقت پر ہوں گے اور متعلقہ صوبے اپنے بورڈز سے منظوری کے بعد امتحانی شیڈول سے IBCC سیکرٹریٹ کو آگاہ کریں گے۔ اس بات کی منظوری پاکستان بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی ’انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت لاہور بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا حبیب علی نے کی۔ اجلاس کے منٹس کے مطابق تفصیلی غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی بورڈز کمیٹیز جلد خصوصی اجلاس منعقد کریں گے تاکہ سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کی جانے والی رقم کو حتمی شکل دی جا سکے اور پھر اپنے عطیات کو کراس چیک کی صورت میں آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد کو ارسال کیا جاسکے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تمام بورڈز کے ملازمین کے لیے منتخب نجی اسپتالوں سے طبی علاج کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ لیبز سے ٹیسٹ کی سہولتوں کا فیصلہ کیا گیا اور طے ہوا کہ فورم کے ان فیصلوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے بورڈز کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن رابطہ رکھا جائے گا۔ فورم نے مذکورہ بالا غور و فکر کی واضح الفاظ میں توثیق کی اور یہ فیصلہ کیا کہ ان پر مزید تاخیر کے بغیر عمل درآمد کیا جائے اور IBCC کے ملازمین کے سروس اسٹرکچر اور کیرئیر کو ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائے ۔ اجلاس کے آخر میں آئی بی سی سی فورم کے آئندہ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئی بی سی سی فورم کا 174واں اجلاس اور مساویانہ کمیٹی کا 169واں اجلاس 29اور 30ستمبر 2022ء کو آزاد جموں و کشمیر میں منعقد کیا جائے گا۔
میٹرک‘ انٹر سالانہ امتحانات سیلاب زدہ علاقوں میں وقت پر نہیں ہونگے








