کراچی: چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی ہے۔ چیئرمین نادرا نے صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے متعلق متاثرین کے ڈیٹا کی ترتیب و تشکیل اور فراہمی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں طارق ملک نے آگاہ کیا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے نادرا کے ملازمین دفاتر اور نادرا آپریشنز بھی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا بحیثیت قومی ادارہ سیلاب اور شدید بارشوں سے پیدا کردہ صورتحال کی وجہ سے مختلف چیلینجز سے نبردآزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمارے ملازمین کو ذاتی مشکلات درپیش رہی ہیں اور دوسری طرف اپنے متاثرہ آپریشنز کو پھر سے بحال کرکے متاثرین کے شناختی کارڈ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں موجود نادرا دفاتر کو سیلاب اورشدید بارشوں سے نقصان پہنچا۔ 38 دفاتر کی عمارتیں بارشوں سے شدید متاثر ہوئے جس کی وجہ سے نادرا کے آپریشنز بھی متاثر رہے۔ بریفنگ کیں طارق ملک نے بتایا کہ 20 متاثرہ نادرا دفاتر پر بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا گیا۔ تکنیکی سسٹمز اور سامان کو محفوظ بنایا گیا اور عمارتوں کی فوری بحالی کا کام مکمل کر کے آپریشنز کو بحال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سیلاب متاثرہ تحصیلوں میں دفاتر کے باہر اضافی موبائل رجسٹریشن وینز تعینات کی گئیں ہیں تا کہ سیلاب متاثرین صرف انگھوٹوں کے نشان دے کر اپنا شناختی کارڈ کی درخواست جمع کروا سکیں۔چیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا انتظامیہ نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے 18 موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا ہے تا کہ سیلاب متاثرین آسانی سے شناختی کارڈ پراسیس کر سکیں۔انہوں کہا کہ تحصیل پنوعاقل، کندھ کوٹ، ٹُھل ، ڈوکری، ٹھری میر واھ، پیر جو گھوٹ، اور محراب پور میں خاص طور پر موبائل رجسٹریشن گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں تا کہ ان شہروں میں موجود دفاتر پر سیلاب متاثرین کے رش کو سنبھال سکیں اور ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ سندھ کے تمام سیلاب زدہ اضلاع جس میں بدین، دادو، گھوٹکی، حیدرآباد، جیکب آباد، جامشورو، قمبر شھدادکوٹ، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ، مٹیاری، میرپور خاص، نوشیروفیروز، سانگڑھ ، شہید بینظیر آباد، شکار پور، سجاول، سکھر، ٹنڈواللہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، اور عمر کوٹ شامل ہیں میں متاثرہ افراد کے شناختی کارڈ کی تاریخ تنسیخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ بریفنگ میں چیئرمین نادرا نے بتایا کہ 34 نادا ملازمین کے گھروں کو سیلاب کی وجہ سے مکمل طور پر نقصان پہنچا جب کہ 700 کے قریب ملازمین کے گھر جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ وسیلاب متاثرہ علاقوں میں موجودہ صورتحال کے مدنظر نادرا کا امدادی سرگرمیوں میں کردار اور بروقت ردعمل قابل تحسین ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ تحصیل کندھ کوٹ، قاضی آباد، شھدادکوٹ، ڈوکری، خیرپور ناتھن شاھ، ٹھری میرواھ اور میرپور ماتھیلو میں موجود نادرا دفاتر مکمل طور پر سیلاب کے پانی سے متاثر ہوئے جہاں پر تا حال نادرا آپریشنز معطل ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں شہریوں کے شناختی کارڈ جوزائدالمعیاد یا تاریخ تنسیخ پوری ہونے والے تمام شناختی کارڈ 31 دسمبر تک قابل استعمال رہیں گے۔ طارق ملک نے وزیر اعلٰی سید مرد علی شاھ کو اگاہ کیا کہ نادرا شہریوں کو شناختی کارڈ کے حوالے سے سہولیات دینے کے ساتھ ساتھ سیلاب سے جان بحق افراد کی ناقابل شناخت لاشوں کی شناخت کاعمل بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کر رہا ہے۔










