بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہفتے سے میری تحریک شروع ، پاکستان کو دلدل سے نکالیں گے،عمران خان

لاہور (ممتازنیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا تب تک معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، امپورٹڈ حکومت پاکستان کودلدل کی طرف لے کر جارہی ہے، ہفتے سے میری تحریک شروع ہوجائے گی، جب کال دوں توآپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔۔سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئر مین نے کہا کہ وکلا برادری کا شانداراستقبال پر دل سے شکرگزارہوں، امپورٹڈ حکومت پاکستان کودلدل کی طرف لیکر جا رہی ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں سری لنکا والی صورتحال ہے، پاکستان کی 50 سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، ہم پاکستان کواس دلدل سے نکالیں گے، ملک کو قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے، جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا تب تک معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، مغربی ممالک میں کبھی کسی کو نامعلوم فون کالز نہیں آتی، مغرب میں زمینوں پر کسی کوقبضہ کرنے کی جرات نہیں ہوتی، مغرب میں شہباز گل جیسا تشدد کی کسی کو اجازت نہیں، شہباز گل کوئی دہشت گرد نہیں تھا برہنہ کرکے اس پرتشدد کیا گیا، ہمارے ملک میں صحافیوں پرمقدمات بنائے جارہے ہیں۔ ایازمیرجیسے دانشورکوانہوں نے ذلیل کیا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سوشل میڈیا کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، یہ ظلم اور جنگل کا نظام ہے، طاقتور جو مرضی کرے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی قانون توڑتے ہیں، جب تک ملک میں رول آف لا نہیں ہوتا اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی، مغرب میں کسی ایک ملک کے وزیراعظم کا نام بتا دیں جس کی بیرون ملک اربوں کی پراپرٹی ہو، یہ جنگل کا قانون ہے شیر جومرضی کرتا ہے اسے کوئی نہیں پوچھتا ہے، کسی مہذب معاشرے میں کوئی تصور کر سکتا ہے جس شخص کوسزا ہو وہ وزیراعظم بن جائے، شہباز شریف مفرورسے مشاورت کررہا ہے پاکستان کا آرمی چیف کون ہو گا، یہ ملک کی نیشنل سکیورٹی کا سب سے بڑا عہدہ ہے، اربوں چوری کرنے والا ڈاکو، مفرورپاکستان کی نیشنل سکیورٹی کے عہدے کا فیصلہ کریں گے؟ کیا ایسا کسی مہذب معاشرے میں کوئی تصورکرسکتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک مغربی ملک کے وزیراعظم کا نام بتادیں جس کی پراپرٹی باہرہو، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا کہ سزایافتہ وزیراعظم بن جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہفتے سے میری تحریک شروع ہوجائے گی، جب کال دوں توآپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔