اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ پچیس مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی، اب فکر نہ کرو، ہم پوری تیاری کے ساتھ آئیں گے اور تمہیں اسلام آباد میں بھی چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔
جناح کنونشن میں تنظیمی وایڈ وائزری کونسل کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ رانا ثنااللہ تم نے پچیس مئی کو پرامن احتجاج کرنےوالوں پر ظلم کیا، ہماری خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی، یہ دلخراش مناظر کھبی نہیں بھول سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کوئی آزادی پلیٹ میں سجی ہوئی نہیں ملتی، اس کیلئے محنت کرنی پڑتی ہے، جدوجہد اور جہاد کرنا پڑتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جو لوگ اس ملک کے اوپر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں وہ اس نظام سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، یہ لوگ کبھی بھی آرام سے ہمیں آزادی نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی تحریک دراصل تحریک پاکستان کے بعد سب سے بڑی تحریک ہے، حقیقی آزادی کیا ہے؟ حقیقی آزادی سب سے پہلے آپ کے ذہن سے شروع ہوتی ہے کہ آپ پہلا قلمہ پڑھتے ہیں اور اللہ کو مانتے ہیں تو آپ ذہن سے آزاد ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں جب وزیر اعظم بنا تو ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کی کوشش میں مصروف ہو گیا، نوجوانوں کو نبی صلی علیہ وسلم کی زندگی مبارک کی تعلیم دینے کیلئے کوششوں میں لگ گیا۔
عمران خان نے کہا کہ آپ سب صرف یہ نہ سوچیں کہ صرف پتھر کے بتوں کو پوجا کرنا شرک ہے، میری نظر میں جب ایک انسان اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے اور خوف کے بت کے سامنے جھک کر صحیح راستے کو چھوڑتا ہے تو وہ بھی شرک کر رہا ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دوسرے لوگوں میں مجھ سے زیادہ صلاحیتیں تھیں لیکن میرے اندر بچپن سے والدین نے ذہن میں ایک چیز ڈالی تھی کہ میں خاص ہوں کیونکہ میں ایک آزاد ملک میں پیدا ہوا ہوں، میرے ذہن میں یہی بات اب تک ہے اور جب میں اقتدار میں آیا تب بھی یہی خیال دل میں لے کر آیا کہ میں اپنے لوگوں کو ان چوروں سے آزاد کروں گا۔









