لندن(ممتازنیوز)مسلم لیگ( ن) کے قائدو سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے سازشی مہرہ بن کر جمہوریت اور مہذب معاشرتی اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، تمام اہم فیصلے کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ ملک و قوم کے اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھ کر کیے جائیں ، شہباز شریف تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں،عوام مشکل فیصلوں پر دلبرداشتہ نہ ہوں،تعاون جاری رکھیں ،اچھا وقت آنے والا ہے۔وہ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان، وہاڑی سے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید و دیگر سے گفتگو کررہے تھے۔نوازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ( ن) کے گزشتہ دور حکومت میں بڑے بڑے پراجیکٹس شروع اور مکمل ہوئے جن سے ترقی یافتہ پاکستان کی منزل قریب ہوگئی تھی مگر عمران خان نے سازشی مہرہ بن کرملکی ترقی، جمہوریت اور مہذب معاشرتی اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پرافسردہ ہوں، پاکستان کے عوام میرا اثاثہ ہیں،میرا دل ان کے ساتھ دھڑکتا ہے ،انشاءاللہ جلد عوام سے پاکستان میں ملاقات ہوگی ۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان کو سویٹرزر لینڈ اور ہانگ کانگ بنانے کا پلان تھا اب بھی یہ منزل حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ ہر امیدوار کی سیاسی وابستگی اور حلقہ میں کارکردگی دیکھ کر دیا جائے گا تاکہ پی ٹی آئی کے بتوں کو ان کے حلقوں میں ہی پاش پاش کردیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے ملک کو معاشی اور خارجہ تعلقات کے حوالے سے بہت زیادہ نقصان پہنچایا جس کا ازالہ کرنے کے لیے مثبت سوچ کی حامل تمام سیاسی قوتوں اور ملک کے تمام اداروں مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
عوام حکومت کے مشکل فیصلوں پر دلبرداشتہ نہ ہوں،اچھا وقت آنے والا ہے،نوازشریف








